عوام دہشت گردی کے خلاف سندھ حکومت کا ساتھ دیں/ کسی خاص مسلک کے خلاف کارروائی نہیں ہورہی


عوام دہشت گردی کے خلاف سندھ حکومت کا ساتھ دیں/ کسی خاص مسلک کے خلاف کارروائی نہیں ہورہی

وزیر اعلیٰ سندھ نے انسپکٹر جنرل سندھ پولیس کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ دہشت گردی کے خلاف سندھ حکومت کا ساتھ دیں. انہوں نے کہا کہ کسی خاص مسلک کے خلاف کارروائی نہیں ہورہی اور بے گناہوں کو جلد رہا کیا جائے گا۔

خبررساں ادارے تسنیم کی رپورٹ کے مطابق، کراچی میں دہشت گردی کی 28وارداتوں میں ملوث دو خطرناک دہشت گرد گرفتار کر لئے گئے ہیں۔

ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے انسپکٹر جنرل سندھ پولیس کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی کے نعیم بخاری گروپ سے ہے۔

یہ دہشت گرد ناظم آباد میں مجلس عزا پر حملے میں بھی ملوث ہیں جس میں پانچ افراد شہید ہوگئے تھے۔

ان کے قبضے سے پولیس سے چھینی ہوئی ایک سب مشین گن، دوایم پی فائیوگن سمیت 27 پستول اور بارودی مواد و متعدد دستی بم بھی برآمد کئے گئے ہیں۔

دہشت گردوں کی شناخت اسحاق عرف بوبی اور عاصم عرف بوبی کے نام سے ہوئی ہےجو معروف قوال امجد صابری کے قتل میں بھئ ملوث ہیں۔

مراد شاہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ دہشت گردی کے خلاف سندھ حکومت کا ساتھ دیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی خاص مسلک کے خلاف کارروائی نہیں ہورہی۔ بے قصور افراد پوچھ گچھ کے بعد رہا کردیئے جاتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں کو کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے پولیس افسر راجہ عمر خطاب کی ٹیم نے گرفتار کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دہشت گرد عاصم کیپری امجد صابری کا پڑوسی تھا۔

دوسری جانب بعض حلقوں میں یہ خبر گرم ہے کہ کراچی سی ٹی ڈی نے پہلے سے جیل میں بند گلبہار میں کالعدم سپاہ صحابہ کے دہشت گرد عاصم کیپری کو گرفتار کرکے پانچ اہم کیسوں کی فائلیں بند کردیں، مرحوم پولیس افسر چوہدری اسلم نے 11جولائی 2013کو نیوز کانفرنس میں عاصم کیپری کو پانچ ساتھیوں سمیت گرفتار کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری