14 لاکھ سے زائد ایرانی زائرین سرحدوں کو عبور کرکے کربلا کی جانب گامزن


14 لاکھ سے زائد ایرانی زائرین سرحدوں کو عبور کرکے کربلا کی جانب گامزن

ایران کے ادارہ حج و زیارت کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اربعین مارچ میں شرکت کرنے کے لئے ابھی تک 14 لاکھ سے زائد ایرانی زائرین نے خوزستان اور ایلام صوبوں کی سرحدوں کو عبور کیا ہے جبکہ آنے والے دنوں میں یہ تعداد 20 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے نمائندے نے چذابہ بارڈر سے رپورٹ دی ہے کہ ایرانی حج تنظیم کے سربراہ سعید اوحدی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق، تمام مسئولین اور بالخصوص زائرین کے تعاون سے ابھی تک 14 لاکھ زائرین نے ایرانی سرحدوں کو عبور کیا ہے۔

ایران کے ادارہ حج و زیارت کے سربراہ نے پیش گوئی کی کہ آنے والے دنوں میں ایرانی زائرین کی تعداد 20 لاکھ تک بڑھ سکتی ہے۔

اربعین مارچ میں شرکت کرنے کے لئے دنیا کے مختلف ممالک سے زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان میں عراق کے سفیر مکی عبداللہ ریسان المعموری نے گزشتہ ہفتے نمائندہ تسنیم کو بتایا تھا کہ ہر سال اربعین کے موقع پر زائرین کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، یہ تعداد اس سال انشاء اللہ پچیس ملین سے زیادہ ہوگی۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری