مسلمان ہماری اقدار کا احترام کریں ورنہ ملک چھوڑ دیں، مارک رٹے


مسلمان ہماری اقدار کا احترام کریں ورنہ ملک چھوڑ دیں، مارک رٹے

ہالینڈ کے وزیراعظم مارک رٹے نے ملک میں آباد مسلمانوں کو تنبیہ کی ہے کہ ہالینڈ کی اقدار کا احترام کریں ورنہ ملک چھوڑ دیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ہالینڈ کے وزیراعظم نے ملک میں آباد مسلمانوں کو تنبیہ کی ہے کہ ہالینڈ کی اقدار کا احترام کریں ورنہ ملک چھوڑ دیں۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ ہمارے ملک میں آزادی کیلئے آتے ہیں، پھر اپنی آزادیوں کا غلط استعمال کرتے ہیں۔

یہ تو واضح نہیں ہوا کہ ڈچ وزیراعظم کا اشارہ مسلمان خواتین کے حجاب کی جانب ہے یا مسلمانوں کی دیگر عبادات و رسومات کی طرف لیکن اس بیان کے بعد ہالینڈ میں بسنے والے مسلمانوں میں بے چینی اور کسی حد تک مایوسی پائی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ ہالینڈ میں عیسائیت کے بعد اسلام دوسرا بڑا مذہب ہے۔

واضح رہے کہ کچھ عرصے سے امریکہ اور یورپی ممالک میں مسلمان برادری کے خلاف امتیازی سلوک بڑھتا جا رہا ہے۔

اسی زمرے میں چند روز قبل اقوام متحدہ کے نئے سیکرٹری جنرل انتونیو نے ویڈیو پیغام کے ذریعے مسلمانوں کے خلاف بڑھتا ہوا تعصب ختم کرنے، برداشت اور باہمی اعتماد بڑھانے پر زور دیا ہے۔

دھیان رہے کہ امریکہ کے تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کی رپورٹ کے مطابق، امریکہ میں مسلمانوں کے خلاف حملوں میں 67 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ جبکہ مجموعی طور پر اقلیتوں کے خلاف نفرت میں 7 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

یاد رہے کہ نومبر 2016 میں اٹلی میں ایک مسلمان خاتون پر نقاب کرنے کی پاداش میں 30 ہزار یورو (34 لاکھ 8 ہزار پاکستانی روپے) کا جرمانہ عائد کر دیا گیا تھا۔

اسی طرح جولائی 2016 میں سوئٹزرلینڈ کے علاقے ٹچینو میں مسلمان خواتین پر برقعہ پہننے پر پابندی عائد کردی گئی ہے جس کی خلاف ورزی کی صورت میں 11 ہزار ڈالر جرمانے کا قانون نافذ کردیا گیا ہے۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری