امریکہ کے بعد بھارت اسرائیل کا سب سے بڑا اتحادی بن کر ابھر رہا ہے


امریکہ کے بعد بھارت اسرائیل کا سب سے بڑا اتحادی بن کر ابھر رہا ہے

برطانوی معروف اخبار بی بی سی نے رپورٹ دی ہے کہ امریکہ کے بعد بھارت اسرائیل کا سب سے بڑا اتحادی بن کر ابھر رہا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، بھارت اور اسرائیل کے درمیان تیزی سے بڑھتی ہوئی نزدیکیوں کے اعتراف میں برطانوی معروف اخبار بی بی سی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ کے بعد بھارت اسرائیل کا سب سے بڑا اتحادی ملک بن کر سامنے آیا ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی رواں سال میں اسرائیل کا دورہ کریں گے۔

وزیراعظم نریندر مودی یہ دورہ بھارت اور اسرائیل کے سفارتی تعلقات کے قیام کے 25 برس مکمل ہونے کے موقع پر کریں گے۔

اس زمرے میں بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول اپنے اسرائیلی ہم منصب اور وزارت خارجہ کے اہلکاروں کے ساتھ وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ اسرائیل کو حتمی شکل دینے کے لیے گذشتہ دنوں اسرائیل پہنچے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ کسی بھارتی وزیراعظم کا اسرائیل کا یہ پہلا دورہ ہو گا۔ اسے دونوں ممالک میں ایک تاریخی دورہ کہا جا رہا ہے۔

اس دورے کی سب سے اہم بات یہ کہ وزیراعظم مودی اسرائیل کے اپنے اس دورے میں فلسطینی علاقے کا دورہ نہیں کریں گے۔ ان کا یہ دورہ صرف اسرائیل تک محدود ہو گا۔

جبکہ اس سے پہلے بی جے پی اور کانگریس دونوں کی حکومتوں میں جب بھی بھارتی وزیر خارجہ نے اسرائیل کا دورہ کیا تو وہ اسرائیل اور فلسطین دونوں ہی جانب گئے۔

اسی طرح بھارتی صدر پرناب مکھرجی جب 2015 میں اسرائیل گئے تھے تو انھوں نے غرب اردن کا دورہ کیا اور فلسطینی پارلیمنٹ سے خطاب بھی کیا۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق وقت کے ساتھ ساتھ اسرائیل سے بھارت کے تعلقات انتہائی گہرے ہوئے ہیں۔

کارگل کی لڑائی کے بعد بھارت کے دفاعی نظام میں اسرائیل کا کردار بڑھتا گیا ہے۔

یاد رہے چند روز قبل ہی دونوں ممالک کے مابین زمین سے فضا میں نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھنے والے درمیانے درجے کے 200 میزائل تیار کرنے کا قریبا 27 ہزار کروڑ، یعنی 270 ملین روپے کا معاہدہ طے پایا ہے۔

اس طرح بھارت آج اسرائیل کے دفاعی ساز و سامان خریدنے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے۔ سرحدی حفاظتی نظام، قومی سلامتی اور دہشت گردی کے انسداد کے معاملات میں اسرائیل بھارت کے ساتھ زبردست اشتراک کر رہا ہے۔

ڈیری، بنجر علاقوں میں آبپاشی، زراعت، توانائی اور انجنیئرنگ و سائنس کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور اشتراک تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

بھارت نے چند مہینے قبل اقوام متحدہ میں اسرائیل کے خلاف حقوقِ انسانی کی خلاف ورزیوں کی قرارداد پر ووٹنگ میں غیر جانبدار رہ کر اسرائیل کی واضح طور پر حمایت کی تھی۔

بھارتی حکومت اسرائیل سے اپنے تعلقات کو فلسطینی اسرائیل تنازعے کے پس منظر میں نہیں بلکہ ایک عملی اور انتہائی فائدے مند رشتے کے تناظر میں دیکھتی ہے۔

اسرائیل اور بھارت حالیہ دنوں میں صرف قریب ہی نہیں آئے بلکہ علیحدگی اور بین الاقوامی تنہائی کے اس دور میں بھارت امریکہ کے بعد اسرائیل کا سب سے بڑا اتحادی بن کر ابھر رہا ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری