پاک ایران مضبوط تعلقات مشترکہ دشمن کے لئے اہم پیغام/ قم میں حقیقی اسلام کا درس دیا جاتا ہے نہ کہ داعشی یا طالبانی اسلام کا


پاک ایران مضبوط تعلقات مشترکہ دشمن کے لئے اہم پیغام/ قم میں حقیقی اسلام کا درس دیا جاتا ہے نہ کہ داعشی یا طالبانی اسلام کا

پاکستانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مضبوط تعلقات مشترکہ دشمن کےلئے نہایت اہم پیغام ہے جبکہ ہمیں خوشی ہے کہ دنیا بھر سے آنے والے طلاب کو قم میں حقیقی اسلام کی تعلیم دی جارہی ہے نہ داعشی اور طالبانی اسلام کی۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کے چیئرمین ایاز صادق نے ایران کے مقدس شہر قم میں بی بی حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علییھا کے حرم مطہر میں قم کے امام جمعہ اور حوزہ علمیہ کے سرپرست اعلیٰ کے ساتھ ملاقات میں کہا: "پاک ایران مضبوط تعلقات مشترکہ دشمن کے لئے اہم پیغام ہے۔"

ایاز صادق نے ایت اللہ اعرافی سے ملاقات میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو نہایت بے رحمی سے شہید کیا جارہا ہے ایران سمیت مسلم امہ کو کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھانی چاہئے۔

قومی اسمبلی کے چیئرمین کا قم میں موجود دینی مدارس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مختلف ممالک سے طلاب حقیقی اسلام کی تعلیمات سے آشنا ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ  قم میں حقیقی اسلام کی تعلیم دی جارہی ہے نہ داعشی اور طالبانی اسلام کی۔

پاکستان کی قومی اسمبلی کے چیئرمین نے دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات ہمیشہ دوستانہ رہے ہیں اور ایک دوسرے کی خوب مہمان نوازی بھی کرتے رہے ہیں لیکن دونوں برادر اورہمسایہ ملکوں کے درمیان اقتصادی تعاون نہ ہونے کے برابر ہے۔

انہوں نے کہا جب بھی مجھے ایران آنے کا موقع ملا دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے کی بات کی ہے اور اب بھی یہی کہونگا کہ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، ہم نے پاک ایران بندر گاہوں کو منہ بولی بہنوں کا درجہ دیا ہے جو اقتصادی اور سماجی تعاون میں بنیادی کردار ادا کریںگے۔

ایاز صادق نے کہا: "ایرانی طالب علم بھی پاکستان آئیں وہاں تعلیم حاصل کریں اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں مدد گار ثابت ہوں۔"

قومی اسمبلی کے چیئرمین نے 23 مارچ کے پریڈ میں ایرانی فوجی دستوں کو بھی دعوت دیتے ہوئے کہا 23 مارچ کو پاکستانی فوجی دستوں کے ساتھ چین اور سعودی عرب کے دستے بھی حصہ لے رہے ہیں مجھے امید ہے اس دفعہ ایران کے فوجی دستے بھی شریک ہونگے۔

انہوں نے کہا: "ایرانی طلبا پاکستانی فوجی ایکیڈمیوں میں تعلیم و تربیت حاصل کرسکتے ہیں۔"

ایاز صادق نے کشمیر میں جاری ظلم و جبر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: "مسلم امہ کو چاہئے کہ کشمیر میں جاری ظلم و بربریت کے خلاف آواز اٹھائے اور ہماری ایران سے بھی درخواست ہے کہ کشمیریوں کی حمایت کرے۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری