پاکستان: پاک ایران عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں / ایران: سرحد سمیت تمام مسائل مل کر حل کرنے ہوں گے


پاکستان: پاک ایران عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں / ایران: سرحد سمیت تمام مسائل مل کر حل کرنے ہوں گے

پاکستانی وزیر داخلہ نے ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات میں کہا کہ بہتر تعلقات کے درمیان کسی چیز کو حائل نہیں ہونے دیں گے جبکہ جواد ظریف نے سرحد سمیت امت مسلمہ کے تمام مسائل مل کر حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف ایک اعلی حکومتی وفد کے ساتھ آج پاکستان پہنچے ہیں۔

اپنے ایک روزہ دورے میں جواد ظریف نے پاکستانی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

دوران گفتگو وزیر داخلہ نثار علی خان کا کہنا تھا کہ ایران ہمارا ہمسایہ ہی نہیں بلکہ برادر اسلامی ملک بھی ہے۔

پاکستان کے ایران کے ساتھ جغرافیائی ہی نہیں بلکہ مذہبی اور تاریخی تعلقات بھی ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اور ایران کے بہتر تعلقات کے درمیان کسی چیز کو حائل نہیں ہونے دیں گے۔

دوسری جانب جواد ظریف کا کہنا تھا کہ ایران پاکستان سے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

پاکستان اور ایران کو مل کر امہ کے مسائل حل کرنے ہونگے۔ خواہ وہ سرحد کے مسائل ہو یا بین الاقوامی، پاکستان اور ایران ان کو باہمی تعاون سے حل کرلیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایران مسلم ممالک کے اتحاد پر یقین رکھتا ہے.

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری