ملکی دفاع پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا


ملکی دفاع پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا

رہبر انقلاب حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای کا کہنا ہے کہ ملکی عزت و اقتدار کوبڑھانے والے امور پر دشمن کے ساتھ نہ مذاکرات کریں گے اور نہ ہی کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ ہوگا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق رہبر انقلاب آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے فوجی کیڈٹس کی پاسنگ آوٹ تقریب سے خطاب کیا۔

اس تقریب میں ایران کے آرمی چیف، سپاہ پاسداران انقلاب کے کمانڈر اور دیگر اعلیٰ عسکری قیادت نے بھی شرکت کی۔

امام خامنہ ای کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دشمن کے ساتھ ملکی دفاع پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

رہبرمعظم نے پاسنگ آؤٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ مسلح افواج کی سب سے اہم ترین ذمہ داری ملک میں امن و امان کی برقرار رکحتے ہوئے ملک کو محفوظ بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سائنس، صنعت، اور اقتصاد میں تبھی ترقی ممکن ہے جب ملک محفوظ ہو، ترقی کے لئے امن کا ہونا ضروری ہے کیونکہ عدم تحفظ کے ماحول میں انسان کا ذہن ترقی کی طرف نہیں جاتا ہے، ترقی انسان کے ذہن سے مٹ جاتی ہے۔

رہبرمعظم نے ایران میں امن و امان کی بہترین صورتحال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک زمانے میں ایران اتنی عظیم صلاحیتوں کے باوجود امریکی، برطانوی اور صہیونی حکومتوں پر انحصار کرتا تھا اور استعماری طاقتوں کے ہاتھوں تحقیر اور ذلیل ہوتا تھا لیکن آج اسلامی انقلاب نے ایران کو استعماری طاقتوں سے نجات دلاکر ایک طاقتور ملک بنا دیا ہے۔

سپریم لیڈر نے کہا کہ دشمن اسلامی جمہوری ایران کی طاقت کو اپنے لئے خطرہ سمجھتا ہے جس کی وجہ سے ایران کے ساتھ مقابلہ کرنے کی کوشش کرتا ہے اور دنیا خاص کر خطے میں ایران کی بڑھتی ہوئی طاقت کا سرسخت مخالف ہے۔

امام خامنہ ای نے فرمایا: ان مخالفتوں کا بہترین جواب یہ ہے کہ ہم ان کی خواہشات کے خلاف پوری استقامت کے ساتھ کام کرتے رہیں، میں نے پہلے بھی کئی بار تاکید کی ہے اور اب بھی کہہ رہا ہوں کہ ملک کی دفاعی صلاحیتوں کے بارے میں نہ مذاکرات کئے جائیں گے اور نہ ہی کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ ہوگا۔

رہبرمعظم نے فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک آپ ہی کا ہے اور آپ ہی نے اس کی حفاظت کرنی ہے جس طرح پہلے جوانوں نے اپنے وظیفے پر عمل کرتے ہوئے ملک کا دفاع کیا، آپ بھی انقلاب اسلامی کے زیرسایہ ملک کو عزت و وقار کی بلندیوں تک پہنچائیں۔

تقریب سے جنرل موسوی نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ اسلامی جمہوری ایران کی مسلح افواج اسرائیل کی نابودی تک سپاہ پاسداران کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں گی۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری