ایرانی صدر حسن روحانی کا اسماعیل ہنیہ سے ٹیلیفونک رابطہ


ایرانی صدر حسن روحانی کا اسماعیل ہنیہ سے ٹیلیفونک رابطہ

اسلامی جمہوری ایران کے صدر نے فلسطینی رہنما اسماعیل ہنیہ سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے فلسطین کے تمام گروہوں کو متحد رہنے کی تلقین کی ہے۔

تسنیم خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مملکت نے فلسطینی رہنما اسماعیل ہنیہ سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے فلسطین کے تمام گروہوں سے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف متحد رہنے کی تلقین کی ہے۔

صدر روحانی نے مزید کہا کہ امریکی اور صہیونی سازشوں کی ناکامی کے لئے تمام فلسطینی گروہوں کا اتحاد ناگزیر ہے۔

انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کو حقوق ملنے تک انتفاضہ کی نئی لہر کا سلسلہ جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ بیت المقدس کے خلاف امریکی صدر کا توہین آمیز فیصلہ عالم اسلام اور تمام مسلمانوں کے خلاف ایک مذموم سازش ہے جسے ناکام بنانے کے لئے عالم اسلام کو متحد اور یکصدا ہونا پڑے گا۔

صدر روحانی کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران امریکی صدر کے بیت المقدس کے حوالے سے فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے فلسطینی رہنما کو یقین دلایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ کی طرح صہیونیوں کے خلاف فلسطینی قوم کے ساتھ کھڑا ہے۔

حماس رہنما اسماعیل ہنیہ نے فلسطین کی بھرپور حمایت جاری رکھنے پر ایران کا شکریہ ادا کیا، باقی اسلامی ممالک سے اپیل کی کہ وہ اسلامی تعاون تنظیم کے غیرمعمولی سربراہی اجلاس میں القدس کے تحفظ اور فلسطینی قوم کا بھرپور دفاع کریں۔

فلسطینی رہنما کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا فیصلہ مسلم  امہ کے خاص کر فلسطینی عوام کے حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری