شامی سرحد پر الحشد الشعبی نے داعش کا بڑا حملہ پسپا کردیا


شامی سرحد پر الحشد الشعبی نے داعش کا بڑا حملہ پسپا کردیا

الحشد الشعبی کے فورسز نے عراق اور شام کی مشترکہ سرحدوں پر داعشی دہشت گردوں کا ایک بڑا حملہ پسپا کردیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے نے السومریہ نیوز کے حوالے سے بتایا ہے کہ الحشد الشعبی کے مسلح جنگجوؤں نے شام اور عراق کی مشترکہ سرحد پر داعش کے ایک بڑے حملے کو ناکام بنا دیاہے۔

واضح رہے کہ عراق کے وزیراعظم نے اعلان کیا تھا کہ شدت پسند گروپ داعش کو ملک سے نکال باہر کرنے کی تین سالہ جنگ کامیابی سے اپنے اختتام کو پہنچ گئی ہے۔

بغداد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حیدر العبادی نے کہا کہ "شام کے ساتھ عراقی سرحد پر ہماری فورسز کا مکمل کنٹرول ہے لہذا میں داعش کے خلاف جنگ کے خاتمے کا اعلان کرتا ہوں۔"

عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے اعلان کیا کہ الانبار صوبے کے مغربی صحرا میں 14 ہزار مربع کلومیٹر کا رقبہ داعش سے کلیئر کرا لیا گیا ہے۔

عراقی فورسز نے شام کی سرحد تک پہنچتے ہوئے اپنی سرزمین سے اس شدت پسند تنظیم کے عسکری وجود کا خاتمہ کر دیا ہے۔

فتح کے اس اعلان کا مطلب یہ ہے کہ اس ملک کی فورسز نے شام، عراق سرحد کے علاوہ مغربی صحرا کا مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔

یاد رہے کہ داعش کے جنگجوؤں نے 2014ء کے وسط میں عراق کے مختلف علاقوں  پر قبضہ کر لیا تھا۔

سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ دہشت گرد اب بھی عراق میں دہشت گردانہ حملوں کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورسز کا کہنا ہے کہ  ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں سے دہشت گردوں کا خاتمہ کیا گیا ہے تاہم سرحدی علاقوں میں چُھپے دہشت گردوں کے خلاف ابھی کارروائیاں جاری ہیں۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری