نیب کی نواز شریف، شہباز شریف کے خلاف ریفرنس کی منظوری


نیب کی نواز شریف، شہباز شریف کے خلاف ریفرنس کی منظوری

قومی احتساب بیورو نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خلاف ریفرنس دائر کرنے اور سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور پرویز اشرف سمیت اہم رہنماؤں کے خلاف تفتیش کی باقاعدہ منظوری دے دی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی صدارت میں نیب ہیڈ کوارٹرز میں ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جہاں بدعنوانی کے6 ریفرنس دائرکرنے، 4انکوائریوں اور11 کیسز کی تحقیقات کی منظوری دے دی گئی۔

نیب سے جاری اعلامیے کے مطابق ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس میں نواز شریف اور شہباز شریف کے خلاف 2000 میں مبینہ طور پر رائیونڈ روڈ کی تعمیر میں قومی خزانے کو نقصان پہنچانے پر ریفرنس دائر کرنے کی منظور دی گئی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے مبینہ طورپر رائیونڈ سے شریف خاندان کے گھر تک سال 200 میں غیر قانونی دو رویہ سڑک تعمیر کرکے قومی خزانے کو ساڑھے 12 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا ہے۔

خیال رہے کہ نواز شریف کے خلاف نیب نے سپریم کورٹ کی ہدایت پر احتساب عدالت میں تین ریفرنسز دائر کردیا تھا جہاں وہ پیش ہورہے ہیں۔

نواز شریف اور شہباز شریف سمیت خاندان کے دیگر افراد کے خلاف حدیبیہ پیپرملز میں اربوں روپے نقصان پہنچانے کے کیس کو دوبارہ کھولنے کی درخواست سپریم کورٹ نے مسترد کردی تھی۔

ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری

نیب نے سابق چیئرمین واپڈا طارق حمید و دیگر کے خلاف بھی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی ہے جن پر اختیارات کا ناجائز استعمال، پیپرا اور نیپرا قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 136 ملین واٹ کے رینٹل پاور منصوبے کی منظوری دینے کا الزام ہے۔

سابق چیئرمین واپڈا اور دیگر پر قومی خزانے کو مبینہ طور پر اربوں روپے نقصان پہنچانے کا الزام دیا گیا ہے۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں سابق چیئرمین تمباکو بورڈ صاحبزادہ خالد، متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق چیئرمین سید آصف اخترہاشمی، سابق سیکریٹری سندھ نصر حیات اور دیگر کے خلاف بھی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔

سابق وزاء اعظم یوسف رضاگیلانی، راجا پرویز اشرف کے خلاف تحقیقات کا فیصلہ

سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کو بطور وزیر پانی و بجلی، سابق وفاقی وزیر بابر اعوان، سابق سیکریٹری قانون و انصاف مسعود چستی، سابق سیکریٹری شاہد رفیع اور سابق ڈائریکٹراعجاز بشیر کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

نیب کے اعلامیے کے مطابق راجا پرویز اشرف سمیت دیگر پر نندی پورپن بجلی منصوبے میں مبینہ طور پر تاخیرکرکے قومی خزانے کو 113 ارب روپے کا نقصان پہنچایا۔

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور دیگر کے خلاف بھی نیب اجلاس میں تفتیش کی منظوری دی گئی۔

سابق وزیراعظم پر الزام ہے کہ انھوں نے سینڈک میٹلز لمیٹڈ کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر محمد رزاق سنجرانی و دیگر کی تعیناتی کرتے ہوئے اختیارات سے تجاوز کیا جس کے باعث قومی خزانے کو مبینہ طور پر 17.70 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔

نیب نے بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ نواب اسلم رئیسانی و دیگر کے خلاف بھی تحقیقات کی منظوری دے دی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری