پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم دورہ نیوزی لینڈ کے لیے روانہ


پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم دورہ نیوزی لینڈ کے لیے روانہ

سرفراز احمد کی قیادت میں 14 رکنی قومی ٹیم دورہ نیوزی لینڈ کے بدھ کی رات نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور سے روانہ ہوگئی جبکہ شاداب خان نیوزی لینڈ میں ہی ٹیم میں شامل ہوں گے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق دورہ نیوزی لینڈ کی تیاریوں کے سلسلے میں قذافی اسٹیڈیم میں منعقدہ کیمپ کے بعد قومی ٹیم کیویز کےدیس روانہ ہوئی۔

لاہور سے روانہ ہونے والی 14 رکنی ٹیم میں کپتان سرفراز احمد، اظہر علی، فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حارث سہیل، فہیم اشرف، محمد نواز، محمد عامر، حسن علی، عامر یامین اور رومان رئیس شامل ہیں۔

قومی ٹیم کے ساتھ 9رکنی ٹیم انتظامیہ ٹیم مینجر طلعت علی، ہیڈ کوچ مکی آرتھر، فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن، فٹنس کوچ گرانٹ لوڈن، باؤلنگ کوچ اظہر محمود، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، ٹیم اینالسٹ طلحہ اعجاز بٹ، میڈیا منیجر عون زیدی اور سیکیورٹی مینجر کرنل (ر) اعظم خان شامل ہیں جبکہ فزیو تھراپسٹ کی خدمات نیوزی لینڈ میں حاصل کی جائیں گی۔

خیال رہے کہ شاداب خان بیرون ملک ہونے کے باعث ٹیم کے ساتھ نہ جاسکے تاہم وہ نیوزی لینڈ میں ہی ٹیم میں شامل ہوں گے۔

کپتان سرفرازاحمد نے گزشتہ روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دورے میں بہترین کارکردگی کی توقع کرتے ہوئے کہا تھا کہ اہم باؤلرز کی عدم موجودگی میں محمد عامر اور حسن علی کی ذمہ داری بڑھ گئی ہے اور امید ہے کہ یہ باؤلرز نیوزی لینڈ میں بھی اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن پر پابندی لگنا بھی ایک سیٹ بیک تھا لیکن امید ہے کہ پی سی بی کی ٹیم ان کے باؤلنگ ایکشن پر کام کرکے اسے کلیئر کروانے میں کامیاب ہوجائے گی اور ہم نیوزی لینڈ میں محمد حفیظ کا خلا شعیب ملک سے باؤلنگ کرا کر پر کریں گے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا معرکہ ویلنگٹن میں 6 جنوری کو ہوگا، دوسرا میچ 9 جنوری کو نیلسن، تیسرا ایک روزہ میچ 13 جنوری کو ڈونیڈن، چوتھا ایک روزہ میچ 16 جنوری کو ہملٹن جبکہ پانچواں اور آخری ایک روزہ میچ 19 جنوری کو ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری