حریت رہنماء یاسین ملک کی سلو پوائزنگ کی جا رہی ہے/ مولانا فضل الرحمن کو کشمیر کمیٹی کی سربراہی سے ہٹایا جائے


حریت رہنماء یاسین ملک کی سلو پوائزنگ کی جا رہی ہے/ مولانا فضل الرحمن کو کشمیر کمیٹی کی سربراہی سے ہٹایا جائے

حریت رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ نے کہا ہے کہ ان کے شوہر کے کھانے میں شیشہ پیس کرڈالا جاتا ہے، بھارتی فوج نے انہیں زندہ لاش بنا دیا ہے جبکہ لارڈ نذیر احمد کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن کو کشمیر کمیٹی کی سربراہی سے ہٹایا جائے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق حریت رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ انکے شوہر یاسین ملک دہشتگرد نہیں حریت پسند ہیں ،انکی سلو پوائزنگ کی جا رہی ہے ، کھانے میں شیشہ پیس کرڈالا جاتا ہے،بھارتی فوج نے یاسین ملک کو زندہ لاش بنا دیا ہے،علاج کیلئے بیرون ملک منتقل کیاجائے جبکہ لارڈ نذیر احمد نے کہا ہے کہ پاکستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کا اثر بڑھتا جا رہا ہے،کشمیر کمیٹی کے چیئرمین نے مسئلہ کشمیر سے متعلق منہ نہ کھولنے کی قسم کھائی ہوئی ہے، مولانا فضل الرحمن کو کشمیر کمیٹی کی سربراہی سے ہٹایا جائے۔

اسلام آباد میں لارڈ نذیر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ یاسین ملک کو جیل میں ناقص خوراک دی جاتی ہے، ان کی حالت انتہائی خراب ہے، یاسین ملک کو مصنوعی تنفس پر رکھا گیا ہے، یاسین ملک دہشتگرد نہیں حریت پسند ہیں، یاسین ملک کو بھارتی فوج نے مظالم کے ذریعے زندہ لاش بنا دیا ہے۔

مشعال ملک نے کہا کہ میں بیواؤں جیسی زندگی گزار رہی ہوں، میں اپنے شوہر کو دیکھنے کیلئے ترس گئی ہوں، میری بیٹی اپنے باپ سے ملنے کو ترس رہی ہے، یاسین ملک کو آنے دیا جا رہا نہ مجھے جانے دیا جا رہا ہے، یاسین ملک کی سلو پوائزنگ کی جا رہی ہے، یاسین ملک سیاسی قیدی ہیں۔

انہوں نے یاسین ملک کی رہائی کیلئے عالمی سطح پر مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا کہ یاسین ملک کو علاج کیلئے بیرون ملک منتقلی کا مطالبہ کرتی ہوں، ان کی صحت سے متعلق شدید تشویش ہے۔

مشعال ملک نے کہا کہ بھارت کشمیر میں غیراعلانیہ جنگ جاری رکھے ہوئے ہے، مسئلہ کشمیر حل کئے بغیرخطے میں قیام امن ممکن نہیں، پاکستان میں ہونے والی تمام دہشتگردی میں بھارت ملوث ہے، ایل او سی پر بھارتی جارحیت میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

اس موقع پر لارڈ نذیر احمد نے کہا کہ پاکستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی راء کا اثر بڑھتا جا رہا ہے، کشمیر کمیٹی کے چیئرمین نے مسئلہ کشمیر سے متعلق منہ نہ کھولنے کی قسم کھائی ہوئی ہے، کشمیر کمیٹی کو مسئلہ کشمیر کے نام پر کروڑوں کے فنڈز دیئے جا رہے ہیں۔ لارڈ نذیر احمد نے مولانا فضل الرحمن کو کشمیر کمیٹی کی سربراہی سے ہٹانے کا بھی مطالبہ کیا۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری