کراچی میں آج سے گرمی کی شدت میں کمی کا امکان، سمندری ہوائیں چلنے لگیں


کراچی میں آج سے گرمی کی شدت میں کمی کا امکان، سمندری ہوائیں چلنے لگیں

محکمہ موسمیات نے آج سے سمندری ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا ہے جس کے سبب کراچی میں گرمی کی شدت میں کمی آئیگی جبکہ درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق شہرِ قائد میں آج سے سمندری ہوائیں چلنا شروع ہوجائیں گی، جس کے باعث گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے آج کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو درجہ حرارت معمول پر آجائے گا، لیکن بری خبر یہ ہے کہ پیر سے کراچی کے درجہ حرارت میں دوبارہ اضافے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

واضح رہے کہ 18 مئی کو محکمہ موسمیات نے کراچی میں ہیٹ ویو ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئندہ 6 روز کے دوران سمندری ہوائیں رُکنے سےکراچی کے شہریوں کو شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

جیو نیوز کے مطابق اس سے قبل بھی محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں رمضان المبارک کا پہلا ہفتہ شدید گرم ہونے کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

گزشتہ روز کراچی میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سب سے زیادہ درجہ حرارت چھور میں 47 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

علاوہ ازیں گزشتہ روز لاہور میں 42، ملتان اور فیصل آباد میں 41 جبکہ اسلام آباد میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

احتیاطی تدابیر:

شہری ہیٹ ویو سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں اور اگر گھر سے نکلیں تو سر کو ڈھانپ کر رکھیں۔

ماہرین اور ڈاکٹروں کے مطابق سر اور جسم کے دیگر حصوں پر گیلا کپڑا لپیٹنے سے بھی گرمی کا احساس کم ہوتا ہے۔

شدید گرمی کے موسم میں ہلکے رنگ اور ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہننے کی ہدایت کی جاتی ہے، جو گرمی کے احساس میں کمی کے لیے مددگار ہوتے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری