پنجاب؛ نگراں وزیراعلیٰ کیلئے 2 ناموں پر اتفاق


پنجاب؛ نگراں وزیراعلیٰ کیلئے 2 ناموں پر اتفاق

پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ کے معاملے پر مشاورت کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کی ملاقات بغیر کسی نتیجے کے اختتام پذیر ہوگئی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق اگرچہ پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ کی نامزدگی کیلئے شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کی ملاقات کسی نتیجے کے بغیر ہی ختم ہوئی تاہم ملاقات کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ وزیراعلیٰ اور اپوزیشن کی جانب سے 2 ناموں پر اتفاق کیا گیا، جس پر دونوں نے اپنی اپنی جماعتوں سے مشاورت کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے پیش کیے جانے والے 2 نئے ناموں میں سے ایک نام سابق چیف سیکریٹری کامران رسول کا تھا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمودالرشید کا کہنا تھا کہ اس بارے میں ہونے والی پہلی ملاقات میں کسی نام پر حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، اس ضمن میں ہم نے اور وزیراعلیٰ پنجاب نے 2 ،2 نام تجویز کیے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ نے ان ناموں پر اپنی جماعت سے مشاورت کے لیے مہلت مانگی ہے، جبکہ وہ خود بھی اس بارے میں اپنی جماعت کے سربراہ عمران خان سے بات چیت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر تجویز کردہ 4 ناموں میں دونوں فریقین کے ایک ایک نام کو چن لیا گیا ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سلسلے میں ہونے والی آئندہ ملاقات میں حتمی فیصلہ کرلیا جائے گا، جو عبوری حکومت اور آئندہ ہونے والے انتخابات کی نگرانی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن آئندہ ملاقات میں سرپرائز دے سکتی ہے، اس موقع پر ان کے ہمراہ اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال، ڈپٹی اپوزیشن لیڈر سردار سبطین خان بھی موجود تھے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری