اسلام آباد میں متحدہ مجلس عمل کی مرکزی کونسل کا اہم اجلاس


اسلام آباد میں متحدہ مجلس عمل کی مرکزی کونسل کا اہم اجلاس

متحدہ مجلس عمل پاکستان کی مرکزی کونسل کا اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں امیدواروں کی مکمل فہرست کے اعلان کے علاوہ انتخابات کے حوالے سے اہم امور زیر بحث آئے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق متحدہ مجلس عمل پاکستان کی مرکزی کونسل کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں امیدواروں کی مکمل فہرست کا اعلان کیا گیا۔

اس کے علاوہ انتخابات کے حوالے سے تمام اہم امور زیر بحث آئے اور فیصلے کئے گئے۔

اجلاس مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں علامہ سید ساجد علی نقوی، سراج الحق، پروفیسر ساجد میر، لیاقت بلوچ، علامہ عارف حسین واحدی، علامہ محمد رمضان توقیر، شاہ اویس نورانی، اکرم خان درانی، رانا شفیق پسروری، سردار محمد خان لغاری، مولانا محمد امجد خان، پروفیسر محمد ابراہیم، سنیٹر طلحہ محمود اور دیگر موجود تھے۔

اجلاس کے بعد پرہجوم پریس کانفرنس سے قائدین نے خطاب کیا۔

مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا کہ ایم ایم اے کے قومی اسمبلی کے فاٹا سمیت ایک سو اکیانوے امیدوار ہیں، چاروں صوبائی اسمبلیوں سے چار سو چار امیدوار اور جنرل نشستوں پر پینتیس خواتین امیدوار ہیں۔ اس طرح چھ سو تیس سے زیادہ امیدوار ہیں جو سب کتاب کے نشان پر ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ سب امیدواروں پر اتفاق ہے اور عوام سے اپیل ہے کہ کتاب کے نشان پر مہر لگا کر کامیاب کریں، مخصوص سیٹیں اس کے علاوہ ہیں۔ نگران حکومت سے مطالبہ ہے کہ انتخابات بروقت اور صاف شفاف ہوں۔

مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی اعلان کیا کہ انتخاباتی مہم زور و شور سے  جاری ہیں، 13جولائی کو ملتان، 14جولائی راولپنڈی، 15جولائی کراچی، 21جولائی ایبٹ آباد اور 22جولائی کو مالاکنڈ میں بڑے عوامی اجتماع ہوں گے۔ مرکزی قائدین کے خطابات ہوںگے، اس کے علاوہ ہر مرکزی قائد دو دن دیں گے اور باقی جماعتوں کے مرکزی راہنما ساتھ ہوں گے، ہر ڈویژن میں ریلیاں اور جلسے بھی منعقد ہونگے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری