ہسپانوی اخبار کا انکشاف؛ بن سلمان نے اپنی والدہ کو نظر بند رکھا ہے، آخر کیوں؟


ہسپانوی اخبار کا انکشاف؛ بن سلمان نے اپنی والدہ کو نظر بند رکھا ہے، آخر کیوں؟

مشہور ہسپانوی اخبار "ایل مونڈو" نے اپنی حالیہ اشاعت میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے اپنی ہی والدہ فہدہ بنت فالح کو نظر بند کرنے کے حوالے سے اہم انکشاف کیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق مشہور ہسپانوی اخبار’’ایل مونڈو‘‘ نے اپنی حالیہ اشاعت میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے اپنی ہی والدہ فہدہ بنت فالح کو نظر بند کرنے کے حوالے سے اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نظربندی کی وجہ یہ ہے کہ فہدہ کو اپنے بیٹے محمد کی صلاحیتوں پر شک ہے، ان کی نظر میں محمد بن سلمان اقتدار کا اہل نہیں ہے۔ فہدہ کو سعودی فرمانروا شاہ سلمان کو محمد بن سلمان کے بارے میں اپنی رائے اور اسے ولایت عہدی سے ہٹوانے کے ڈر سے بن سلمان نے اپنی والدہ کو نظر بند کر دیا ہے۔

اخبار کا مزید کہنا تھا کہ شاہ سلمان کی تیسری بیوی اور ان کے 13 بچوں میں سے 6 کی ماں فہدہ بنت فالح آل حیثین ایک چھوٹے سے محل میں بن سلمان کے حکم پر نظر بند ہے اور اپنے شوہر سے ملاقات نہیں کر پا رہی۔ اخبار کے بقول اس حوالے سے 14 امریکی عہدیداروں نے امریکی نیوز نیٹ ورک (این بی سی) کو اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ بن سلمان نے واقعی اقتدار کی خاطر اپنی والدہ کو نظر بند کر رکھا ہے اور بن سلمان کی اپنی والدہ سے آخری ملاقات کو تین سال کا عرصہ گزر چکا ہے۔

اس حوالے سے جرمنی میں مقیم آل سعود کا باغی اور مفرور شہزادہ خالد بن فرحان آل سعود کہتا ہے کہ بن سلمان کی والدہ ’’المزرعہ‘‘ محل میں نظر بند ہیں اور یہ محل شاہ سلمان کے محلوں میں سے ایک محل ہے، خالد کے مطابق ایسا اس وقت ہوا جب فہدہ نے یہ خواہش ظاہر کی کہ اقتدار محمد اور اس کے دیگر بھائیوں کے درمیان تقسیم ہونا کہ صرف محمد بن سلمان کو دیا جائے، ان کے نزدیک محمد ملک کی باگ دوڑ فی الوقت نہیں سنبھال سکتے، جس کی وجہ سے بن سلمان نے خوف کے عالم میں اپنی والدہ کو نظر بند کر دیا تا کہ وہ شاہ سلمان پر بن سلمان کو معزول کرنے کے لیے دباؤ نہ ڈال سکیں، خاص طور پر کہ فہدہ شاہ سلمان کی پسندیدہ بیوی ہیں جس کی شاہ سلمان کوئی بات ٹالتے نہیں ہیں۔

خالد بن فرحان آل سعود کے مطابق بن سلمان نے اپنی والدہ کو نظر بند کرنے کا فیصلہ سابق امریکی صدر باراک اوباما کے دور اقتدار میں کیا اور اب جب کہ بن سلمان اور موجودہ امریکی صدر ٹرمپ کے درمیان تعلقات انتہائی قریب ہیں اس کے باوجود بھی بن سلمان کی اپنی والدہ کے متعلق موقف میں کسی بھی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ امریکی انٹیلی جنس کے مطابق شاہ سلمان جو کہ خود بھی اکثر بیمار رہتے ہیں، اپنی بیوی فہدہ کے بارے میں اکثر دریافت کرتے رہتے ہیں اور ان کے اردگرد موجود حضرات کا جواب یہ ہوتا ہے کہ وہ علاج کی غرض سے بیرون ملک مقیم ہیں۔

ایل مونڈو کا مزید کہنا تھا کہ آل سعود خاندان میں موجود ذرائع کا کہنا ہے کہ بن سلمان اور ان کی والدہ کے درمیان اختلافات اور ناراضگی کچھ سال قبل شروع ہوئی تھی، فہدہ اپنے کسی اور بیٹے کو ولی عہد کے طور پر دیکھنا چاہتی تھیں نہ کہ محمد بن سلمان کو۔ ان کی خواہش تھی کہ ان کے کاروباری بیٹے ترکی بن سلمان یا پھر امریکہ میں متعین سعودی سفیر خالد بن سلمان میں سے کسی ایک کو ولی عہد مقرر کیا جائے۔

بشکریہ: سائبر میڈیا گروپ

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری