حسن روحانی، پیوٹن اور رجب طیب اردوگان کے درمیان جلد ملاقات کا امکان


حسن روحانی، پیوٹن اور رجب طیب اردوگان کے درمیان جلد ملاقات کا امکان

تہران: روس کے صدر ولادی میر پیوٹن، ترک صدر رجب طیب اردوگان اور ایرانی صدر حسن روحانی کے درمیان جلد اہم ملاقات ہوگی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق تینوں ملکوں کے صدور اہم ملاقات ایک اجلاس میں کریں گے تاہم سمٹ کی تاریخ اور مقام کا اعلان ابھی تک سامنے نہیں آیا۔

 روسی حکام کے ترجمان دیمتری پیسکوف کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ رواں سال ستمبر میں ترکی اور ایران کے رہنماؤں کے اجلاس میں روسی صدر ولادی میر پوٹن کی شرکت متوقع ہے۔

ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اُن کے اِس سمٹ میں شریک ہونے کا حتمی اعلان بعد میں کیا جائے گا، مذکورہ سمٹ میں ایرانی صدر حسن روحانی اور ترک صدر رجب طیب اردوگان بھی شریک ہوں گے۔

تینوں ملکوں کے سربراہان کی ملاقات میں شام کی تازہ صورت حال پر گفتگو کی جائے گی، اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ یہ سمٹ ستمبر کے اوائل میں منعقد کی جائے گی، قبل ازیں صدر پوٹن رواں برس اپریل میں شامی معاملات پر انقرہ منعقدہ سمٹ میں حسن روحانی اور رجب طیب اردوگان سے ملاقاتیں کر چکے ہیں۔

یاد رہے کہ شام میں کئی برسوں سے جاری خانہ جنگی کے خاتمے کے لیے ماسکو، تہران اور انقرہ کی حکومتوں نے باہمی تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد روسی صدر ولادی میر پوٹن، ایرانی صدر حسن روحانی اور ترک صدر رجب طیب اردوگان کے درمیان گذشتہ سال بھی ملاقات ہوئی تھی۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری