محمدجواد ظریف کی شامی صدر سے ملاقات، دہشت گردی سمیت مختلف اہم امور پربات چیت


محمدجواد ظریف کی شامی صدر سے ملاقات، دہشت گردی سمیت مختلف اہم امور پربات چیت

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ محمدجواد ظریف نے دمشق میں شامی صدر بشارالاسد سے ملاقات کی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ محمدجواد ظریف نے دمشق میں شامی صدر بشارالاسد سے ملاقات کی ہے۔
جواد ظریف نے شامی صدر کو یقین دلایا کہ ایران کی جانب سے شامی حکومت اور عوام کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔
دونوں رہنماوں نے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
شامی صدر اورایران کے وزیر خارجہ نے اس ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کی صورتحال،اس جنگ میں استقامتی محاذ کی مکمل کامیابی کے بعد شام کی تعمیر نو میں ایران کی مشارکت اور باہمی اقتصادی تعاون کے فروغ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
صدر بشار اسد کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں استقامتی محاذ کی مکمل کامیابی کے بعد مختلف شعبوں خاص کر اقتصادی منصوبوں میں دونوں ملکوں کے تعاون میں توسیع اور تعمیر نو میں ایران کی بھر پور مشارکت ضروری ہے۔
وزیر‍ خارجہ ڈاکٹر جواد ظریف نے اس سے پہلے شام کے وزیراعظم عماد خمیس سے ملاقات میں بھی دہشت گردوں کے خلاف استقامتی محاذ کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ شام کے عوام اب ان کامیابیوں کے بعد ملک کی تعمیر نو کی جانب قدم بڑھائیں گے۔
ایران کے وزیر‍ خارجہ نے دمشق میں تعمیر نو سے متعلق نمائش کے انعقاد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ تعمیر نو کی نمائش کا انعقاد شام میں تعمیرنو کے لئے پائے جانے والے عزم و ارادے کا مظہر ہے۔
شام کے وزیراعظم عماد خمیس نے بھی شام کے لئے ایران کی حمایتوں کا ذکرکرتے ہوئے کہاکہ دوست ملکوں خاص طور پر اسلامی جمہوریہ ایران اور روس کی مشارکت اور تعاون اور ان ملکوں کی نجی کمپنیوں کی مدد سے ملک میں تعمیر نو کا عمل شروع کریں گے۔
ایران کے وزیرخارجہ نے اپنے شامی ہم منصب ولیدالمعلم سے بھی ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شام کے لئے ایران کی مکمل حمایت کا ایک بار پھر اعادہ کیا۔ 
انہوں نے شام میں قیام امن کے لئے تہران میں عنقریب ہونے والے ایران روس اور ترکی کے سربراہی اجلاس کو بہت ہی اہمیت کا حامل قراردیا۔
شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم نے بھی دہشت گرد گروہوں کے خلاف جنگ میں شام کے لئے ایران کی مدد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دمشق کے لئے تہران کی حمایت جاری رکھے جانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری