امریکا اور بھارت مذاکرات، اہم دفاعی معاہدے پر دستخط


امریکا اور بھارت مذاکرات، اہم دفاعی معاہدے پر دستخط

بھارت اور امریکا کے وزرائے خارجہ اور وزرائے دفاع کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں دونوں اتحادیوں نے اپنے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کرتے ہوئے اہم دفاعی اور کمیونیکشن معاہدے پر دستخط کردیے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،بھارت اور امریکا کے درمیان یہ مذاکرات ایک عرصے سے تعطل کا شکار تھے اور ان کو رواں سال مارچ میں منعقد ہونا تھا لیکن انہیں 2 مرتبہ کوئی وجہ بتائے بغیر ہی ملتوی کردیا گیا تھا۔

امریکا اور بھارت کے درمیان وزرائے خارجہ اور وزرائے دفاع کی سطح کے ان مذاکرات میں دونوں ملکوں کے 2، 2 نمائندوں نے شرکت کی تھی، جس کی وجہ سے اسے 2+2 کا نام دیا گیا۔

مذاکرات کے اس پہلے دور میں امریکا کی نمائندگی سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو اور سیکریٹری آف ڈیفنس جیمز میٹس نے کی جبکہ بھارت کی جانب سے وزیر خارجہ سشما سوراج اور وزیر دفاع نرملا سیتھارمن نے مذاکرات میں شرکت کی۔

تاہم اس مشترکہ ملاقات سے قبل دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے ایک علیحدہ ملاقات بھی کی، جس میں امریکا اور بھارت کے درمیان حالیہ عرصے میں ہونے والی کشیدگی پر گفتگو اور دونوں ممالک کے درمیان غلط فہمیوں کو دور کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

دونوں ممالک کے تعلقات میں گزشتہ کچھ عرصے سے کشیدگی پائی جاتی تھی جبکہ ایران اور روس کے خلاف امریکا کی پابندیوں کے باوجود بھارت کے ان دونوں ممالک سے تعلقات سے معاملات مزید پیچیدہ ہوگئے تھے۔

خیال رہے کہ امریکا نے ایران سے تیل خریدنے پر پابندیاں عائد کی ہیں لیکن اس کے باوجود بھارت نے ایران سے تیل خریدنے کا سلسلہ ترک نہیں کیا جبکہ بھارت نے پابندیوں کے باوجود اپنے پرانے اتحادی روس سے طیارہ شکن میزائل کے لیے معاہدہ کیا۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری