ملکی ترقی کے لئے قومی زبان کو رائج کرنا ناگزیر ہوچکا ہے، راجہ ظفرالحق


ملکی ترقی کے لئے قومی زبان کو رائج کرنا ناگزیر ہوچکا ہے، راجہ ظفرالحق

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر راجہ ظفرالحق کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان کو ترقی کرنا ہے تو قومی زبان اردو کو رائج اور مزید فروغ دینا ہوگا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ روز بزم عروج ادب پاکستان اور ہیومن رائٹس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے نفاذ اردو کے عدالتی فیصلے کی سالگرہ اور یوم قائد کے حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب بعنوان ’’قائد اعظم کا پاکستان اور اردو زبان ‘‘ سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا کی پڑھی لکھی قومیں اپنی قومی زبان کو فروغ دے کر ترقی یافتہ بن چکی ہیں مگر ہمارے ملک میں بد قسمتی سے انگریزی زبان کا رعب بڑھ گیا ہے۔

تقریب سے نسیم احمد عثمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے اردو کو رائج کرنے کا کہا ہے مگر آج تک اردو میں کوئی فیصلہ نہیں آیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں ٹی وی پر بچوں کے پروگرام نہ ہونے کی وجہ سے بچے ہندی اور دوسری زبانیں سیکھ رہے ہیں الحاج مختار احمد نے کہا کہ 1973 کے آئین میں درج تھا کہ 10 سال کے اندر اردو کو قومی زبان بنا دیا جائے گامگر آج تک نہیں ہو سکا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈووکیٹ کوکب اقبال نے کہا کہ ہمارے تعلیمی نصاب میں مسلم ہیروز کو شامل نہیں کیا گیا جو افسوسناک بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ اردو کا نفاذ اسلامی کلچر کا نفاذ ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری