چینی سفیرکی پاک فوج کے سپہ سالار سے ملاقات، سی پیک سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال


چینی سفیرکی پاک فوج کے سپہ سالار سے ملاقات، سی پیک سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ پاکستان میں متعین چینی سفیر یاؤجنگ نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کرکے باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ سی پیک کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
چینی سفیر نے حال ہی میں ہونے والے چینی وزیر خارجہ کے کامیاب دورہ پاکستان اور سی پیک کے لیے پاکستان میں حمایت کو سراہا۔
پاک فوج کے سربراہ نے سی پیک کو پاکستان کا معاشی مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاک چین راہداری منصوبے کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کی حکومت چین کے ساتھ ہونے والے سی پیک معاہدوں پر دوبارہ غور کرے گی اور اس حوالے سے نئے سرے سے شرائط طے کی جائیں گی۔
فنانشل ٹائمز کی رپورٹ پر مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ اخبار نے ان کا انٹرویو سیاق وسباق سے ہٹ کر شائع کیا جب کہ اس حوالے سے وزارت تجارت کا کہنا تھا کہ سی پیک کے مستقبل پر پاکستان اور چین کے درمیان اتفاق ہے، پاکستان سی پیک کو رول بیک نہیں کررہا، پاکستان نے چین کے وزیر خارجہ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ سی پیک قومی ترجیحی منصوبہ ہے۔
علاوہ ازیں چینی سفارت خانے نے سی پیک سے متعلق فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی راہداری کے حوالے سے مکمل اتفاق رائے ہے کہ یہ پراجیکٹ دونوں ممالک کے لیے سودمند ہے اور دونوں حکومتیں اس کو پاکستان کی ضروریات کے مطابق اور ترقی کے لیے آگے لے کر بڑھیں گی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری