”دی ڈونکی کنگ“ کا ہر جگہ ڈنکا، سوشل میڈیا پر چرچے+ویڈیو


”دی ڈونکی کنگ“ کا ہر جگہ ڈنکا، سوشل میڈیا پر چرچے+ویڈیو

  جیو نیوز کی پہلی اینی میٹڈ فلم ”دی ڈونکی کنگ “ کی طنز ومزاح سے بھر پور کہانی کو بڑے پردے پر دیکھنے کیلئے سب ہی بے قرار ہیں۔ منگو دھوبی کے خواب میں بادشاہ بننے کی منفرد کہانی کے ٹیزر سے مداح خوب محظوظ ہورہے ہیں۔ منگو کی دلچسپ شرارتوں اور تجسس سے بھر پور ٹیزر نے فلم دیکھنے والوں کی بے چینی کو مزید بڑھا دیا ہے۔ 

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،صرف یو ٹیوب اور فیس بُک پر ”دی ڈونکی کنگ“ کے پُرکشش ٹیزر کودیکھنے والوں کی تعداد 15 لاکھ سے زائد ہوگئی ہے جس میں ہر گزرتے دِن مزید اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

جیو پر شروع ہونے والے سلسلے ”ٹیلنٹ دکھاؤ منگو بن جاؤ “میں سیکڑوں بچے دلچسپی لے رہے ہیں اور نت نئے انداز میں ویڈیوز بنا کر بھیجنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ جیو فلمز اور طلسمین اینی میشن اسٹوڈیوزکے تعاون سے سب سے بڑی اینی میٹڈ فلم ”دی ڈونکی کنگ“ 13اکتوبر کو ملک بھر میں ریلیز کی جائے گی ۔ دوسری طرف فلم کے مرکزی کردار ”منگو“ کے میسکوٹس کی مختلف شہروں میں بچوں کے ساتھ موج مستیاں بھی جاری ہیں، منگو کے ڈائیلاگز بھی اب ننھے شائقین کے لبوں پر عام ہوچکے ہیں۔ گذشتہ دِنوں ”جیو “پر شروع ہونے والے نئے سلسلے ”ٹیلنٹ دکھاؤ منگو بن جاؤ“ میں منگو کے دیوانے سنہری موقع ضائع کئے بغیر بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ سیکڑوں ننھے آرٹسٹ فلم کی ریلیز سے پہلے ہی منگو کی جاندار پرفارمنس دکھا کر جیو پر اسٹار بن چکے ہیں اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

واضح رہے عوام اور ”منگو“ کے درمیان دوستی ، موج ، مستی اور مزاح کو برقرار رکھنے کیلئے ”جیو ٹیلی ویژن نیٹ ورک“ نے ایک دلچسپ سلسلہ شروع کیا ہے جس کے تحت عوام ”منگو“ کے مکالمے ”مائی نیم از منگو منگو جان منگو دی واشنگ مشین“ بول کر اپنے موبائل سے ویڈیو ریکارڈ کرکے واٹس ایپ نمبر03322197851 پر بھیج رہے ہیں۔

ریکارڈ شدہ کلپ کو جیو نیٹ ورک کے تمام چینلز پر نشر کیا جارہا ہے۔ 

اس سیگمنٹ میں بچوں کے ساتھ بڑوں کی دلچسپی بھی بڑھ گئی ہے ، سیکڑوں بچے اپنے اپنے انداز میں منگو کے مکالمے کی ویڈوز بنا کر بھیج رہے ہیں۔ اس طرح ننھے آرٹسٹ دُنیا کے سامنے آرہے ہیں اور اُن کی حوصلہ افزائی بھی کی جارہی ہے۔ یاد رہے ”ڈونکی کنگ“ میں پاکستان کی نامور شخصیات نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے ۔

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری