قومی اسمبلی کی تمام 11 نشستوں کے غیر سرکاری نتائج جاری


قومی اسمبلی کی تمام 11 نشستوں کے غیر سرکاری نتائج جاری

قومی اسمبلی کی تمام 11 نشستوں کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج جاری کردیئے گئے۔

قومی اسمبلی کی 11 نشستوں میں سے پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) نے 4، 4، پاکستان مسلم لیگ نے 2 جبکہ متحدہ مجلس عمل نے ایک نشست پر کامیابی حاصل کی۔

تمام پولنگ اسٹیشنوں کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق ضمنی الیکشن میں حکمراں جماعت تحریک انصاف کو دھچکا لگا ہے، وہ اپنی تین جیتی ہوئی نشستوں پر اپ سے سیٹ شکست سے دوچار ہو گئی۔

این اے 35 بنوں پر متحدہ مجلس عمل کے زاہد اکرم درانی نے تحریک انصاف کے امیدوار شکست سے دوچار کیا، این اے 56 اٹک پر ن لیگ کے امیدوار ملک سہیل خان نے پی ٹی آئی کے ملک خرم کو شکست دی، جبکہ این اے 131 لاہور پر ن لیگ کے خواجہ سعد رفیق نے پی ٹی آئی کے ہمایوں اختر خان کو  10 ہزار 197 ووٹوں سے ہرایا۔

تین نشستیں جن پر تحریک انصاف کو اپ سیٹ کا سامنا ہے ،ان میں سے دو نشستیں وزیراعظم عمران خان اور ایک نشست پی ٹی آئی کے طاہر صادق نے چھوڑی تھی۔

این اے 35 بنوں کی نشست وزیراعظم عمران خان نے خالی کی تھی، تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیرحتمی نتائج کے مطابق اس نشست پر متحدہ مجلس عمل کے رہنما اکرم خان درانی کے صاحبزادے زاہد اکرم درانی 60 ہزار 944 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے نسیم علی شاہ 37 ہزار 489 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہیں۔

اس نشست پررجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد5لاکھ 78ہزار 872 ہے جن میں مرد ووٹرز 3لاکھ 28ہزار817 جبکہ خواتین ووٹرز 2لاکھ 50ہزار 055 ہے۔

این اے 53 اسلام آباد کی نشست بھی وزیراعظم عمران خان نے خالی کی ہے،انہوں نے اس نشست پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو شکست دی تھی، تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیرحتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے علی نواز اعوان 50943 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے وقار احمد 32313 ووٹ لے کر شکست سے دوچار ہوئے ہیں۔

اس نشست پر رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3لاکھ 12 ہزار 142 ہے جن میں مرد ووٹرز 1لاکھ 66ہزار 024 اور خواتین ووٹرز 1لاکھ 46ہزار119 ہے۔

این اے 56 اٹک کی نشست تحریک انصاف کے طاہر صادق نے چھوڑی تھی،اس پر پی ٹی آئی کے ملک خرم اور ن لیگ کے ملک سہیل خان کے درمیان مقابلہ ہوا،ن لیگ کے امیدوار 128499 ووٹ لے کر نشست جیت گئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے امیدوار 86906 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

اس نشست پر ووٹرز کی تعداد 6لاکھ 38ہزار937 ہےجن میں مرد ووٹرز 3لاکھ 35ہزار 872 جبکہ خواتین ووٹرز 3لاکھ 03ہزار065 ہے۔

این اے 60 راولپنڈی کی نشست پر حنیف عباسی کی نااہلی کے باعث الیکشن ملتوی کیا گیا تھا، تمام 329 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیرحتمی نتائج کے مطابق شیخ رشید کے بھتیجے اور پی ٹی آئی کے امیدوار شیخ راشد شفیق 44 ہزار 483 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ ن لیگی امیدوار سجاد خان 43 ہزار 836 ووٹ حاصل کیے۔

اس سیٹ پر ووٹرز کی تعداد 3لاکھ 56ہزار 935ہے جن میں مرد ووٹرز 1لاکھ 89ہزار464 جبکہ خواتین ووٹرز 1لاکھ 67ہزار 471ہے ۔

این اے 63 راولپنڈی کی نشست تحریک انصاف کے غلام سرورخان نے خالی کی تھی،تمام 317 پولنگ اسٹیشنز کے غیرسرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق اس نشست پر پی ٹی آئی کے منصور حیات 71 ہزار 782 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے ہیں، جبکہ ن لیگ کے امیدوار عقیل ملک 45 ہزار 490 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

اس سیٹ پر رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3لاکھ 70ہزار 967ہے ،مردووٹرز 1لاکھ 95ہزار اور خواتین ووٹرز 1لاکھ 75ہزار 894 ہے۔

این اے 65 چکوال کی نشست چکوال کی نشست چوہدری پرویز الٰہی نے چھوڑی تھی،تمام 468 پولنگ اسٹیشنز کے غیرسرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق اس نشست پر پرویز الٰہی کے صاحبزادے سالک حسین نے ایک لاکھ 917 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی، جبکہ  تحریک لبیک کے محمد یعقوب نے 32326 ووٹ لئے۔

اس سیٹ پر 5لاکھ 52523رجسٹرڈ ووٹرز ہیں،جن میں مرد ووٹرز 2 لاکھ 87 ہزار 048 اور خواتین 2 لاکھ 65 ہزار 475 ہے۔

این اے 69 گجرات کی سیٹ ق لیگ کے چوہدری پرویز الٰہی نے خالی کی تھی،تمام  پولنگ اسٹیشنز کے غیرسرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق اس نشست پر مونس الٰہی 65759 لے کر جیت گئے ہیں جبکہ  ن لیگ کے عمران ظفر 14 ہزار 956 لے کر ہار گئے۔

اس حلقے کے رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 4لاکھ 67ہزار378 ہے،ان میں مرد ووٹرز 2لاکھ 54ہزار 852 اور خواتین 2لاکھ 12ہزار526 ہے۔

این اے 103 فیصل آباد پر25 جولائی کے الیکشن میں آزاد امیدوار مرزا محمد احمد مغل کے انتقال کے باعث پولنگ ملتوی کردی گئی تھی،یہ نشست ن لیگ کے علی گوہر خان نے 76 ہزار 626ووٹ لے کر جیت لی ہے جبکہ پی ٹی آئی کے محمد سعد اللہ 63 ہزار 583 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

اس نشست پر رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد4لاکھ 34 ہزار931 ہے، مرد ووٹرز 2لاکھ 47ہزار572 اور خواتین ووٹرز 1لاکھ 87ہزار359ہے۔

این اے 124لاہور کی نشست حمزہ شہباز نے چھوڑی تھی،اس نشست پر اس بار ن لیگ کے امیدوار سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی تھے جن کا مقابلہ تحریک انصاف کے غلام محی الدین سے تھا،غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگی امیدوار 80789 ووٹ لے کر جیت گئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی امیدوار نے 33256 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

اس سیٹ پر رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 5لاکھ 33 ہزار 497 ہے۔

این اے 131 لاہور کی نشست سخت مقابلے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے جیتی تھی،تمام پولنگ اسٹیشن کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق اس نشست پر مسلم لیگ نواز کے سعد رفیق 60476 ووٹ لے کر جیت گئے جبکہ پی ٹی آئی کے ہمایوں اختر خان 50445  ووٹ لے دوسرے نمبر پر رہے۔

اس حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3لاکھ 64ہزار213 ہے جن میں مردووٹرز کی تعداد 1لاکھ 98ہزار699 اور خواتین ووٹرز1لاکھ 65 ہزار514 ہے۔

این اے 243 کراچی کی نشست وزیراعظم عمران خان نے چھوڑی، تمام پولنگ اسٹیشن کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے عالمگیر خان 37 ہزار 35 ووٹ لے کر کامیاب جبکہ  ایم کیو ایم پاکستان کے عامر ولی الدین چشتی 15 ہزار 434 ووٹ لے کر ہار گئے۔

اس نشست پر 4لاکھ 1ہزار833 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں ،مرد ووٹرز 2لاکھ 11ہزار168 اور خواتین ووٹرز 1لاکھ 90ہزار665 ہے۔

عام انتخابات کے مقابلے میں آج پولنگ کی شرح نسبتاً کم رہی،امن و امان کی صورتحال سنبھالنے کےلئے پولیس اور فوج کے جوان اسٹیشنز پر تعینات رہے۔

قومی اور صوبائی اسمبلی کے 35 حلقوں پر 370امیدوار میدان میں تھے۔ قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کی 11،11، سندھ و بلوچستان کی 2،2 جبکہ خیبرپختونخوا کی 9 نشستوں پرووٹ کاسٹ کئے گئے۔

مجموعی طور پر 35 حلقوں میں 92لاکھ 83 ہزار 74 ووٹرزنے اپنا حق رائے دہی استعمال کرنا تھا،جبکہ ان نشستوں کے ایک ہزار 727 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا تھاتاہم کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری