مولانا سمیع الحق کے سیکریٹری گھر سے لاپتہ


مولانا سمیع الحق کے سیکریٹری گھر سے لاپتہ

جمیعت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کے سیکریٹری احمد شاہ اکوڑہ خٹک میں واقع اپنی رہائش گاہ سے گزشتہ 3 سے 4 روز سے لاپتہ ہیں۔

ان کے اہلِ خانہ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں قانون نافذ کرنے والے اہلکار اپنے ساتھ لے گئے ہیں جبکہ پولیس نے ان کی حراست کی تردید کی ہے۔

خیال رہے کہ احمد شاہ نے ہی مولانا سمیع الحق کے قتل کے بارے میں آگاہ کیا تھا جنہیں 2 نومبر کو بحریہ ٹاؤن سفاری ولا میں قائم ان کی رہائش گاہ میں تیز دھار آلے کا وار کرکے قتل کردیا گیا تھا، ڈاکٹرز کے مطابق مولانا سمیع الحق ہسپتال پہنچنے سے ایک گھنٹہ قبل دم توڑ چکے تھے۔

واضح رہے کہ مولانا کے قتل کے بعد ان کے صاحبزادے مولانا حامد الحق کو بھی احمد شاہ نے ہی واقعے سے متعلق آگاہ کیا تھا۔

اس ضمن میں ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا حامد الحق نے بتایا کہ احمد شاہ گزشتہ 3، 4 روز سے اپنے گھر سے لاپتہ ہیں ان کے اہلِ خانہ نے ان سے موبائل فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن ان کا نمبر بند جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا احمد شاہ سے گزشتہ کچھ دنوں سے کوئی رابطہ نہیں ہوا یا تو انہوں نے ازخود روپوشی اختیار کرلی ہے یا پھر انہیں قانون نافذ کرنے والے یا خفیہ ادارے تفتیش کے لیے اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری