پاکستان کے مختلف شہروں میں بارش، موسم خوشگوار


پاکستان کے مختلف شہروں میں بارش، موسم خوشگوار

کراچی سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے بارش کا سلسلہ جاری ہے اور موسم نہایت خوشگوار ہوگیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،  کراچی سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں رات گئے بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، کئی شہروں میں موسم سرما کی پہلی بارش کے باعث خشک سردی اور فوگ کا خاتمہ ہوگیا۔

شہر قائد اور مضافاتی علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، گزشتہ رات 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں ریکارڈ موجودہ درجہ حرارت 15 ڈگری ہے جبکہ آج درجہ حرارت 30 سے 31 ڈگری تک رہے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں اگلے ہفتے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔

لاہور کی قومی شاہراہوں پر اکثر مقامات پر بوندا باندی کی وجہ سے پھسلن پیدا ہوگئی ہے، موٹر وے پولیس کی جانب سے قومی شاہراہوں پر احتیاط سے سفر کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

موٹر وے پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ شہری اپنی گاڑیوں کے وائپرز درست حالت میں رکھیں اور تیز رفتاری سے پرہیز کریں، کسی مشکل کی صورت میں ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔

محمکہ موسمیات کی جانب سے پنجاب کے میدانی علاقوں میں 48 گھنٹوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈی آئی خان مضافات میں شدید دھند ،حد نگاہ صفررہ گئی جبکہ گذشتہ شب بارش کے بعد سے معطل بجلی کی سپلائی تاحال نہ بحال نہیں ہوسکی ہے۔

دوسری جانب وہاڑی، خان پور، ڈسکہ، کالاباغ، جلالپور بھٹیاں، بہاولپور، حویلی لکھا، احمد پور شرقیہ میں بھی وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔

ملک کے  پہاڑی  علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برفباری، درجہ حرارت منفی ہوگیا

گلگت بلتستان کے گردونواح میں بھی ایک بار پھر برفباری شروع ہوئی ہے جس کے بعد پورے علاقے نے برف کی چادر اوڑھ لی ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے اسکردو میں آئندہ 24 گھنٹے برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، اسکردو میں درجہ حرارت منفی 8 جبکہ بالائی علاقوں میں منفی 14 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری