منی بجٹ کی حمایت نہیں کریں گے، خورشید شاہ


منی بجٹ کی حمایت نہیں کریں گے، خورشید شاہ

پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ منی بجٹ کی کسی صورت حمایت نہیں کریں گے،حکومت بتائے پانچ ماہ میں کون سے قانون سازی کی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں موجودہ حکومت اپنی پانچ سالہ مدت پوری کرے لیکن ایسا دکھائی نہیں دے رہا ہے۔

یہ حکومت اپنے وزن خود ہی گرجائے گی جب کہ حکومت نے پہلے پانچ ماہ میں ہی ملک کو سات ارب ڈالر کا مقروض کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی حکومت کے قیام کی ضروت نہیں ہے اورنہ ہی ہم اس کے حامی ہیں، قانون ساز بیرون ملک نہیں ہیں بلکہ یہاں موجود ہیں۔

پیپلزپارٹی رہنما نے کہا کہ کیا وزیراعظم عمران خان کا نام کسی ای سی ایل میں شامل ہے کہ وہ پارلیمنٹ میں نہیں آتے ہیں، لگتا ہے کہ وہ ابھی تک کنٹینر پر ہی ہیں نیچے اتریں تو حقیقت کا پتہ چلے۔

انہوں نے کہا کہ یہ حکومت معیشت سمیت ہرشعبے میں بری طرح نا کام ہو گئی ہے جب کہ اپوزیشن اتحاد باہمی اعتماد پر قائم رہ سکتا ہے اور ہم نے مل کر چلنے کا تہیہ کیا ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات کو سندھ کے دورے سے کچھ نہیں ملا ہے اور سندھ حکومت میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں آئے گی اوراگر وفاق نے غیرآئینی اقدام کیا تو بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری