اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا پاک بھارت مذاکرات کیلئے امید کا اظہار


اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا پاک بھارت مذاکرات کیلئے امید کا اظہار

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹریس نے پاک بھارت تعلقات کی بحالی پرزور دیتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان معنی خیزمذاکرات کے لیے امید کا اظہار کیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، اقوام متحدہ ہیڈکوارٹرزمیں ایک پریس کانفرنس کے دوران پاکستانی صحافی افتخار علی نے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریس سے اس حوالے سے سوال کیا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت کی جانب سے متعدد مرتبہ امن اور مذاکرات کی بات کیے جانے کے باوجود بھارت کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا، صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی اور مقبوضہ کشمیرمیں بھی انسانی حقوق کی پامالیوں کی وجہ سے صورتحال خراب ہے۔

جس کے جواب میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ، میں اپنے دفترکو دونوں ملکوں کے درمیان مذکرات کے آغاز کے سلسلے میں پیش کرتا رہا ہوں، لیکن اب تک کوئی کامیابی نہیں ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ ہائی کمشنر فار ہیومن رائٹس نے حال ہی میں کشمیر کے حوالے سے  ایک بہت تفصیلی رپورٹ تیار کی ہے، لہذا اقوام متحدہ نے واضح طور پر اپنا کردار نبھایا ہے۔

انٹونیو گوٹریس نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ بین الاقوامی معاملات میں اپنی اہمیت کے پیش نظر پاکستان اوربھارت معنی خیز مذاکرات کا راستہ اختیار کریں گے۔

واضح رہے کہ گذشتہ برس اگست میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے وزیراعظم عمران خان نے متعدد بار بھارت سے تعلقات کی بہتری کی بات کی ہے۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری