مشہد مقدس میں پاکستانی ثقافتی مرکز کا افتتاح+ تصاویر


مشہد مقدس میں پاکستانی ثقافتی مرکز کا افتتاح+ تصاویر

اسلامی جمہوریہ ایران کے دوسرے بڑے شہرمشہد مقدس میں پاکستانی ثقافتی مرکز کا افتتاح کیاگیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ روز پاکستانی قونصل خانے میں ایران سمیت دنیا کے مختلف ملکوں کے سیاسی شخصیات کی موجودگی میں پاکستانی ثقافتی مرکز کا افتتاح کیاگیا۔

افتتاحی تقریب میں روضہ امام ہشتم علیہ السلام کے نمائندے اور شہر مشہد کے ثقافتی امور کے ڈائریکٹر سمیت مختلف سماجی اور ثقافتی شخصیات نے شرکت کی۔

ثقافتی مرکز کے افتتاحی تقریب کے دوران حرم امام رضا علیہ السلام کی جانب سے علم پاک کا تحفہ دیا گیا جس پر پاکستانی سفیر نے شکریہ اداکرتے ہوئے کہا حرم کی جانب سے علم پاک کا تحفہ ہمارے اعزازکا باعث ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران میں تعینات پاکستانی سفیر''رفعت مسعود'' نے مشہد مقدس میں پاکستان کے ثقافتی مرکز کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ ایران اور پاکستان کی حکومتیں، زائرین اور مسافروں کے لئے زمینی اور فضائی راستوں کے سفر کے لئے سہولیات کی فراہمی پر کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کریں گی۔

پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان مشترکہ طویل سرحد کے علاوہ زبان، ثقافت، تاریخ اور مذہبی مشترکات بھی ہیں.

انہوں نے کہا کہ مشہد میں پاکستانی ثقافتی سینٹر کا قیام پاک ایران دوستی کا مرکز ثابت ہوگا.

رفعت مسعود نے بتایا کہ اس مرکز میں پاکستان سے متعلق نوادرات اور تاریخی اشیاء اور دیگر ممالک سے بطور تحفہ ملنے والی ثقافتی اور آرٹس مصنوعات رکھی گئی ہیں.

خیال رہے کہ افتتاحی تقریب کے اجتماع سے پاکستانی سفیرکےعلاوہ دیگر شخصیات نے بھی خطاب کیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کے ایڈیٹرمحمدرضاکمیلی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے تعلقات صدیوں پرمشتمل ہے پاکستان آزاد ہونے سے پہلے بھی ایران اور پاک سرزمین کے عوام کے تعلقات نہایت اچھے اور خوشگوارتھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مختلف علاقے ایران قدیم میں شامل تھے جس کا ذکر تاریخی کتیبے ''بیستون'' میں ملتا ہے جیسا کہ اس وقت کے ایران کا امیرترین صوبہ گاندهارا تھا جو موجودہ پاکستان کے صوبہ سند،پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں پر مشتمل تھا۔

محمد رضا کمیلی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی عوام فارسی زبان سے نہ صرف آشنا ہیں بلکہ عشق رکھتے ہیں جس کی واضح مثال ایران سے باہر سب سے زیادہ فارسی زبان کے خطی نسخے دارالحکومت اسلام آباد کے تحقیقاتی مرکز میں پائے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشہدمقدس میں ثقافتی مرکز کا افتتاح دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید بہتری کا باعث بنے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دوسالوں کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران کے مقدس شہرمشہد میں تعیینات پاکستانی قونصل جنرل عرفان محمود بخاری نے ایران میں پاکستانی ثقافت کے بارے میں کافی کام کرنے کے علاوہ دونوں ملکوں کے تعلقات کے فروغ کے لئے نہایت اہم اقدامات کئے ہیں۔

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری