سعودی سرمایہ کاری سے ملک کی معیشت میں بہتری آئے گی: عمران خان


سعودی سرمایہ کاری سے ملک کی معیشت میں بہتری آئے گی: عمران خان

عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئےآسان اورسازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہیں اور سعودی سرمایہ کاری سے ملک کی معیشت میں بہتری آئے گی۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، وزیراعظم عمران خان نے سعودی میڈیا کو انٹرویو کے دوران کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئےآسان اورسازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہیں اور سعودی سرمایہ کاری سے ملک کی معیشت میں بہتری آئے گی، تمام شعبہ جات میں سعودی عرب کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اقتصادی اور ثقافتی کوریڈر قائم کرنا چاہتا ہے، پاکستان کی خودانحصاری کے لیے سعودی عرب کی گوادر میں سرمایہ کاری سب سے اہم ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک محض راہداری نہیں، گوادر میں سعودی آئل ریفائنری باہمی تعاون کا محض آغاز ہے، سلسلہ آگے بڑھےگا اور اگلے مرحلے میں خصوصی اقتصادی زونز پر توجہ مرکوز ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ بینکنگ، تعلیم، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، تجارت، تعمیر، ثقافت، سینما اور سیاحت کے میدان میں بھی تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ہر پاکستانی کے دل کے قریب ہے اور 20 لاکھ پاکستانی سعودی عرب میں مقیم ہیں جو اسے اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں، سعودی عرب میں مقیم پاکستانی دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات مزید مضبوط کرنے کے لیے کردار ادا کریں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری