بھارت میں کشمیری طلبا پر تشدد، 12 نوجوان شدید زخمی


بھارت میں کشمیری طلبا پر تشدد، 12 نوجوان شدید زخمی

انتہا پسند ہندو جماعت بجرنگ دل کے کارکنان نے بھارت میں کشمیری طلبا کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 12 نوجوان شدید زخمی ہوگئے جبکہ جموں میں بھی مسلمانوں کی املاک کو نذر آتش کردیا گیا۔

تسنیم خبررساں ادارے نے غیرملکی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ تعلیم کی غرض سے بھارت میں مقیم کشمیری طلبا کو ہندو انتہا پسند جماعتوں کی جانب سے ہراساں کیا جا رہا ہے، بھارتی ریاستوں ہریانہ، اترکھنڈ سمیت کئی ریاستوں کے اسکولوں اور جامعات میں کشمیری نوجوانوں کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

ایک طرف تو کشمیری طلبا کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے تو دوسری طرف بھارتی ریاستوں میں برسوں سے مقیم کشمیریوں کو ملک چھوڑنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ بھارتی ریاستوں اور جموں میں مسلمان کشمیریوں کی املاک، گاڑیوں اور کاروبار کو نذر آتش کیا جا رہا ہے۔

انتہا پسند ہندو جماعتیں کھلے عام کارروائیوں میں مصروف ہیں لیکن بھارتی پولیس اور سیکیورٹی فورسز خاموش تماشائی بن کر قتل و غارت گری کا لائسنس دے رہی ہیں جس کے باعث کشمیریوں کے لیے زمین تنگ ہوگئی ہے اور انہیں کوئی محفوظ جگہ میسر نہیں۔

ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ایک ٹویٹ میں بھارتی ریاستوں میں مسلمان کشمیریوں پر انتہا پسند ہندوؤں کے حملوں کی پُر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری طلبا کو منظم طریقے سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری