بھارت: پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹوں میں راجستھان چھوڑنے کا حکم


بھارت: پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹوں میں راجستھان چھوڑنے کا حکم

بھارتی ریاست راجستھان کے شہر بیکانر میں موجود تمام پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹے کے اندر علاقہ چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلعی مجسٹریٹ اور کلیکٹر کی جانب سے یہ حکم پلوامہ حملے کے بعد امن و عامہ کی صورتحال خراب ہونے کے خطرے کے پیشِ نظر دیا گیا۔

بھارتی اخبار دی ٹائمز آف انڈیا کے مطابق مذکورہ احکامات ضلعی کلیکٹر کمار پل گوتم نے جاری کیے جو فوری طور پر نافذالعمل ہوں گے۔

ان احکامات پر 2 ماہ کے عرصے تک عمل درآمد کیا جائے گا یا پھر جب تک حکم کو منسوخ نہ کردیا جائے جبکہ انتظامیہ کے حکم کی خلاف ورزی کرنے پر انڈین پینل کوڈ کی شق 188 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

احکامات میں کہا گیا کہ کسی پاکستانی شہری کو شہر کے کسی بھی گیسٹ ہاؤس، ہوٹل اور ہسپتال میں رکنے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ کوئی تاجر نہ تو کسی پاکستانی کو ملازمت دے گا نہ ہی ان کے ساتھ کوئی لین دین کرے گا۔

اس کے ساتھ بیکانر کے شہریوں کو حکم دیا گیا کہ ڈیجیٹل کمیونیکیشن کے ذریعے کسی بھی قسم کی حساس گفتگو نہ کریں اور پاکستان میں رجسٹرڈ موبائل سمز بھی استعمال نہ کریں۔

تاہم اس بارے میں اگر کسی پاکستانی شہری کو کوئی اعتراض ہو تو وہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے روبرو پیش ہو کر درخواست دے سکتا ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری