اقوام متحدہ: پاکستانی نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے 30 ملین ڈالر فنڈز فراہم کرے گا


اقوام متحدہ: پاکستانی نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے 30 ملین ڈالر فنڈز فراہم کرے گا

اقوام متحدہ نے پاکستانی نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے 30 ملین ڈالر فنڈز فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، عثمان ڈار اور اقوام متحدہ حکام کی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی، اس موقع پر اقوام متحدہ کی جانب سے پاکستانی نوجوانوں کے لیے 30 ملین ڈالر فنڈز فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا۔

ملاقات میں پاکستانی نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے مختلف منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اقوام متحدہ حکام کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان پروگرام کے لیے 30 ملین ڈالر مختص کردیے گئے۔ منصوبے کے تحت 2 لاکھ نوجوانوں کو با اختیار بنایا جائے گا۔

حکام کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر نوجوانوں کی ترقی کے لئے کام کریں گے، حکومتی سطح پر نوجوانوں کی سرپرستی بہتر اقدام ہے۔

اقوام متحدہ کی جانب سے عثمان ڈار کو پروگرام کا کو چیئرمین مقرر کردیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ فنڈز فراہم کرنے پر اقوام متحدہ کے شکر گزارہیں، پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ اور صلاحیت موجود ہے، چاہتے ہیں نوجوانوں کو ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کا موقع دیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے مسائل کم کرنے کے لئے جامع حکمت عملی تیارکرلی ہے اور متعدد منصوبوں کا فریم ورک مکمل ہے جلد لانچنگ ہوگی۔

عثمان ڈار نے کہا کہ دن رات محنت کر رہے ہیں، نوجوانوں کو کامیاب بنانا اصل ہدف ہے، تعلیم، فنی تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی منصوبہ بندی ہے دیگر ممالک سے بھی رابطے میں ہوں، نوجوانوں کا مستقبل روشن ہے۔

اس سے قبل وفاقی حکومت نے یوتھ ٹریننگ اسکیم کے لئے وظیفہ جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا تھا، عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ کابینہ سے منظوری کی صورت میں ہر نوجوان کے بقایا جات ادا کریں گے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری