سوات، پارہ چنار اور چترال ایئرپورٹ پر ترقیاتی کام کا آغاز


سوات، پارہ چنار اور چترال ایئرپورٹ پر ترقیاتی کام کا آغاز

وزیراعظم کی ہدایت پر سیاحت کے فروغ کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اہم اقدامات کرتے ہوئے سیدو شریف (سوات) ایئرپورٹ، پارہ چنار اور چترال ایئرپورٹ پر ترقیاتی کام شروع کرادیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ذرائع کا کہنا ہے کہ8کروڑ روپے کی لاگت سے سوات ایئرپورٹ کو قابل استعمال بنانے کیلئے کام کا آغاز کردیا گیا ہے، سوات اور پارہ چنار ایئرپورٹ 2ماہ کے اندر اندر مکمل کیا جائے گا۔

سوات ایئرپورٹ کو سیاحت کا گیٹ وے کہا جاتا ہے،ذرائع کے مطابق سوات ایئرپورٹ کو1978میں تعمیر کیا گیا تھا، بعد ازاں امن و امان کی صورتحال کے باعث2004میں سیدو شریف ایئرپورٹ کو بند کردیا گیا تھا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پارہ چنار ایئرپورٹ کوبھی 2004میں امن و امان کی صورتحال کے باعث بند کرنا پڑا تھا، سیکریٹری ایوی ایشن کی ہدایت پر اعلیٰ سطح کمیٹی نے سیدو شریف اور چترال ایئرپورٹ کا دورہ کیا۔

اعلیٰ سطح کمیٹی نے ایئرپورٹ کے رن وے کی تعمیر ،ٹرمینل بلڈنگ اور کنٹرول ٹاور کا بھی سروے کیا، اعلیٰ سطح کمیٹی میں انجینئرز، ماہرین اور ایڈمنسٹریٹیو کے ارکان شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق سوات اور پارہ چنار ایئر پورٹ پر سیاحت کے فروغ کیلئے نیوایوی ایشن پالیسی کے تحت ایئرلائنز کو مراعات بھی دی جائیں گی، اس کے علاوہ مختلف ایئرلائنز کو لینڈنگ، چارجنگ اور پارکنگ سمیت دیگر مراعات بھی فراہم کی جائیں گی۔

سول ایوی ایشن ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں، سوات میں سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ موسم سرما میں اسکیٹنگ کیلئے36ممالک نے ٹورنامنٹ میں حصہ لیا تھا۔

غیر ملکی سیاح نے بھی سوات اور دیگر تفریح مقامات میں فضائی سفری سہولیات کیلئے حکومتی سطح پر بھی رابطے کئے تھے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری