صومالیہ: دہشتگردانہ حملے میں 10 افراد ہلاک، درجنوں زخمی


صومالیہ: دہشتگردانہ حملے میں 10 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

صومالیہ کے ایک ہوٹل پرہونے والے دہشت گردانہ حملے میں 10 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق صومالیہ کی جنوبی بندرگاہ کسمایو کے ایک معروف ہوٹل پرہونے والے دہشت گردانہ حملے میں دس افراد ہلاک جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

صوبہ جبل کی سیکیورٹی فورسز کے ترجمان ابی نور ابراہیم حسین کا کہنا ہے کہ مسلح دہشت گردوں نے ہوٹل سے ایک دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی ٹکرائی جس کے نتیجے میں زوردار دھماکہ ہوا اورتباہی مچ گئی۔

اس حوالے سے سرکاری ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکہ کرنے کے بعد مسلح دہشت گرد ہوٹل میں داخل ہوئے جس کے بعد سے ان کی مقامی سیکیورٹی فورسزسے دو بدو جھڑپیں ہو رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ابھی تک دس افراد کے ہلاک ہونے اور 50 کے زخمی ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔

دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی جا سکتی تھی۔ افسوس ناک واقعے کی خبر ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جبکہ بڑی تعداد میں مقامی لوگ بھی جمع ہو گئے۔

امدادی ٹیموں نے ہلاک شدگان اور زخمیوں کو ہسپتال میں منتقل کیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے تاہم ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

عالمی خبررساں اداروں کے مطابق دھماکے کی ذمہ داری الشباب نامی تنظیم نے قبول کرلی ہے۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری