بھارت مقبوضہ کشمیرمیں انسانی تاریخ کا بڑا قتل عام کرنے والا ہے، سید علی گیلانی


بھارت مقبوضہ کشمیرمیں انسانی تاریخ کا بڑا قتل عام کرنے والا ہے، سید علی گیلانی

کشمیر کے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کا کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں انسانی تاریخ کا بڑا قتل عام کرنے والا ہے، ہم سب مرگئے اور آپ خاموش رہے تو اللہ کو جواب دینا ہوگا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق کشمیر کے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے اپنے ٹویٹر پیغام میں پوری امت مسلمہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں انسانی تاریخ کا بڑا قتل عام کرنے والا ہے، دنیا بھر کے مسلمان ہمیں بچانے کے لیے آگے آئیں، ہم سب مرگئے اور آپ خاموش رہے تو اللہ کو جواب دینا ہوگا۔

دوسری جانب پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی مسلسل بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال کا نوٹس لے اور بھارت پر زور دے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری، اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل کے صدر اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کو خط لکھا ہے جس میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال کی طرف ان کی توجہ مبذول کرائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ممبران کے مشنز کے سربراہوں کو بھی مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین سنگین صورتحال اور اس کے علاقے کے امن و سلامتی پر اثرات سے متعلق بریفنگ دی گئی ہے۔

اسی طرح ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کی جانب سے حالیہ دنوں میں 38 ہزار اضافی بھارتی فوجی دستے تعینات کرنے کی اطلاعات کے باعث کشمیری عوام میں خوف اور بے قراری پائی جاتی ہے۔
جبکہ سیاحوں، یاتریوں اور طلباء کو مقبوضہ کشمیر فوری طور پر چھوڑنے کی بھارتی پیغامات نے کشمیری عوام کے خدشات میں اضافہ کر دیا ہے۔
یہ بھی قیاس آرائیاں بڑھ گئی ہیں کہ بھارتی حکام مقبوضہ کشمیر کا جغرافیہ ڈھانچہ تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور وہ علاقے میں ٹھوس تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ماضی میں بھی پاکستان نے کسی ایسی کوشش کی سخت مخالفت کی ہے جو مقبوضہ کشمیر کا جغرافیہ ڈھانچہ تبدیل کرے یا اس کی بین الاقوامی سطح پر متنازعہ حالت کو تبدیل کرے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کوئی بھی کوشش اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہو گی اور اسے خطے میں امن و سلامتی کو خطرہ لاحق ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ بھارتی فوج نے کپواڑہ میں 7 کشمیریوں کو نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران شہید کردیا ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری