امریکا اور طالبان کے مابین امن مذاکرات منسوخ


امریکا اور طالبان کے مابین امن مذاکرات منسوخ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کابل دھماکے کے باعث طالبان سے امن مذاکرات منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق افغان طالبان اور امریکہ کے درمیان دوحہ، قطر میں ہونے والے مذاکرات کے نویں دور سے وابستہ تمام امیدیں چند گھنٹے قبل اس وقت دم توڑ گئیں جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے پیغام میں اعلان کردیا ہے کہ مذاکرات کا جاری عمل منسوخ کردیا گیا ہے۔
امریکی صدر کی آج کیمپ ڈیوڈ میں طالبان رہنماؤں اور افغان صدر اشرف غنی کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں ہونا تھیں جو منسوخ کردی گئی ہیں۔
امریکی صدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انہوں نے کیمپ ڈیوڈ میں ہونے والی ملاقاتیں منسوخ کردی ہیں۔ اس کی وجہ انہوں نے کابل میں ہونے والے حملوں کو قراردیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے سماجی رابطے کی سائٹ پر جاری کردہ پیغام میں کہا ہے کہ وہ طے شدہ ملاقاتوں کے لیے ہفتے کی شب واشنگٹن پہنچ رہے تھے۔ انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ مذاکرات کی معطلی کا فیصلہ طالبان کی جانب سے کابل حملے کے بعد کیا گیا جس میں ایک امریکی فوجی سمیت 12 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کیسے لوگ ہیں جو سودے بازی میں اپنی پوزیشن بہتر بنانے کے لئے انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری