پاکستان میں یوم عاشور کے ماتمی جلوسوں کا پرامن اختتام + تصاویر


پاکستان میں یوم عاشور کے ماتمی جلوسوں کا پرامن اختتام + تصاویر

پاکستان کے تمام صوبوں میں عاشورہ محرم کے جلوس پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوگئے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق یوم عاشور کے موقع پر ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہوئے، مرکزی امام بارگاہوں سے نویں اور دسویں محرم کی درمیانی شب اور 10 محرم کو دن بھر برآمد ہوتے رہے جو روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اپنی منزل مقصود پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے۔

اس موقع پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔ سیکیورٹی خدشات کی بنا پر ماتمی جلوسوں کے روٹس اور اطراف میں موبائل فون سروس جلوسوں کے اختتام تک معطل رہے جبکہ حساس شہروں میں موٹرسائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی رہی۔

ملک بھر میں امن وامان کو یقینی بنانے کی غرض سے پولیس کے ساتھ پاک فوج، رینجرز اور ایف سی کے دستے بھی حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات رہے۔ وفاق کی جانب سے مہیا کئے گئے چار ہیلی کاپٹرز کے ذریعے عاشورہ کے جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی گئی۔

واضح رہے کہ کربلا کے دشت میں دین اسلام کی حفاظت اور سربلندی کے لئے امام حسین علیہ السلام کی دی ہوئی قربانی کی یاد تازہ کرنے کے لئے ملک بھر میں ماتمی جلوس برآمد ہوئے اور مجالس برپا ہوئیں ۔

پاکستان بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں رسول اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صل اللہ علیہ و آلہ وسلم کے نواسے حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے ساتھیوں کی عظیم قربانیوں کی یاد میں یوم عاشور کے موقع پر جلوس نکالے گئے جن میں عزاداران امام حسین علیہ السلام نے نوحہ خوانی و سینہ کوبی کی۔

مختلف شہروں سے یوم عاشور کے موقع پر شبیہ ذوالجناح اور شبیہ علم کے جلوس بھی برآمد ہوئے جو روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اپنی اپنی منزل مقصود پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری