سیاست میں کچھ بھی حرف آخر نہیں ہوتا / پی پی پی مولانا فضل الرحمن کے جلسے میں شامل نہیں ہوگی


سیاست میں کچھ بھی حرف آخر نہیں ہوتا / پی پی پی مولانا فضل الرحمن کے جلسے میں شامل نہیں ہوگی

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان سے یو ٹرن لیتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے اسلام آباد لاک ڈاؤن میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق سیاست میں کچھ بھی حرف آخر نہیں ہوتا، اس مقولے کی تازہ مثال بلاول بھٹو زرداری کا یو ٹرن بیان ہے جس میں انہوں نے مولانا فضل الرحمن کے اسلام آباد لاک ڈاؤن میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

جامشورو میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں احتجاج کیلئے خود پہل کی اور اعلان کیا۔ جبکہ پیپلز پارٹی پہلے بھی کبھی دھرنا سیاست میں شریک نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان کی سیاسی حمایت کرتے ہیں البتہ دھرنا دینے کے بجائے وہ ملک کا دورہ کریں گے۔

دوسری جانب وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ انہوں نے پہلے بھی کہا تھا کہ حزب اختلاف آپس میں سیاست کر رہی ہے، اپوزیشن کو خود اپوزیشن سے خطرہ ہے۔

معاون خصوصی بلاول بھٹو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کا دورہ کرنے کے بجائے کراچی کا دورہ کرکے وہاں پھیلے کچرے کی صفائی پر توجہ دیں۔ بدقسمتی ہے کہ وسائل سندھ کے غریب عوام تک نہیں پہنچ رہے۔

بلاول کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کے سفیر کے طور پر دنیا بھر میں مظلوموں کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ وزیراعظم (کل) جمعہ کے روز کشمیریوں کے حق کی آواز بلند اور بھارتی ظلم و جبر کو بے نقاب کریں گے، یہ وقت قوم کو تقسیم نہیں یکجا کرنے کا ہے۔

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری