پاک افغان سرحد پر بارودی سرنگ دھماکہ؛ پاک فوج کا میجر اور سپاہی شہید


پاک افغان سرحد پر بارودی سرنگ دھماکہ؛ پاک فوج کا میجر اور سپاہی شہید

پاک افغان سرحد پر بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں پاک فوج کے میجر اورسپاہی نے جام شہادت نوش کیا۔

خبررساں ادارے تسنیم نے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور کے سوشل میڈیا پر جاری بیان کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ پاک فوج کے جوان پاک افغان سرحد پر ضلع مہمند میں باڑ لگانے کے کام کی نگرانی پر مامور تھے کہ اس دوران دہشت گردوں کی نصب کی ہوئی بارودی سرنگ کے دھماکے کی زد میں آ گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ باردوی سرنگ کا دھماکہ قبائلی ضلع مہمند میں ہوا ہے۔

بارودی سرنگ کے دھماکے کے نتیجے میں شہید ہونے والے میجر عدیل شاہد کا تعلق کراچی جبکہ سپاہی فراز حسین کوٹلی کے رہنے والے تھے۔

واضح رہے کہ 14ستمبر کو بھی پاک افغان سرحد پر دہشتگردی کے 2 مختلف واقعات میں پاک فوج کے 4 جوان شہید جبکہ 2 دہشتگرد ہلاک ہوگئے تھے۔

پاک افغان سرحد پر فائرنگ کے واقعے میں ہونے والے جانی نقصان پر پاکستان نے افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاجی مراسلہ دیا تھا۔

دفترِ خارجہ کے احتجاجی مراسلے میں یہ کہا گیا ہے کہ افغان حکومت اپنی طرف کے علاقوں کو محفوظ بنانے کی ذمے دار ہے۔

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری