بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھلنے لگے / پاکستان میں ایک اور ہوم سیریز متوقع


بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھلنے لگے / پاکستان میں ایک اور ہوم سیریز متوقع

سری لنکا کی جاری ٹورنامنٹ کے بعد پاکستان میں ایک اور ہوم سیریز کی توقع کی جا رہی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق سری لنکا کے جاری دورے کے بعد پاکستان میں بنگلادیش کی کرکٹ ٹیم کا دورہ متوقع ہے۔

امید کی جا رہی ہے کہ بنگلادیشی ٹیموں کی پاکستان آمد کا فیصلہ 2 ہفتوں میں کیا جائے گا۔

بنگلادیشی ویمنز ٹیم کو رواں ماہ کے آخر میں 2 ون ڈے اور 3 ٹوئنٹی 20 میچز کیلئے پاکستان کا دورہ کرنا ہے جبکہ مینزکا 2 ٹیسٹ اور 3 ٹوئنٹی 20 میچز کیلئے ٹور آئندہ برس فروری میں شیڈول ہے۔

بنگلادیشی بورڈ کی کرکٹ آپریشنز کمیٹی کے چیئرمین اکرم خان نے کہا ہے کہ سینئر مینز اور ویمنز دونوں ٹیموں کے دورہ پاکستان کے حوالے سے فیصلہ اگلے 2 ہفتوں میں ہوجائے گا۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کی جانب سے حال ہی میں پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ماہرین کو بھیجنے کا عندیہ دیا گیا تھا۔

اکرم خان نے کہا ہے کہ ہمارے بورڈ کے صدر نظم الحسن ہمیشہ یہی کہتے ہیں کہ سیکیورٹی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی فیصلے پر پہنچنے سے قبل ہم اسی چیز کو مدنظر رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ابھی تک دبئی یا پاکستان میں کھیلنے کے حوالے سے کچھ طے نہیں کیا، اس بارے میں حتمی فیصلہ بورڈ میٹنگ میں ہوگا۔علاوہ ازیں  ہمیں اس کیلئے حکومت کی جانب سے بھی گرین سگنل درکار ہے۔

دوسری جانب پاکستان پرامید ہے کہ سری لنکا کی طرح بنگلہ دیش کی ٹیم بھی پاکستان آ کر کرکٹ کھیلے گی۔  

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری