سری لنکن ٹیم کا دورہ پاکستان: کرکٹ جیت گئی، امن جیت گیا


سری لنکن ٹیم کا دورہ پاکستان: کرکٹ جیت گئی، امن جیت گیا

سری لنکا کے دورہ پاکستان سے نہ صرف اس پر بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھل رہے ہیں بلکہ دنیا بھر کو ایک مثبت پیغام گیا ہے۔

پاکستان کے ہوم گراونڈز پر بین الاقوامی کرکٹ کے ایک دہائی سے بند دروازے دھیرے دھیرے کھل رہے ہیں۔

مئی 2015 میں زمبابوے کی ٹیم نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 3 ایک روزہ اور 2 ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے لئے پاکستان کا دورہ کیا۔

2009 میں لاہور میں ہی سری لنکا کی ٹیم پر دہشتگردانہ حملے کے بعد یہ کسی ٹیسٹ میچ کھیلنے والی ٹیم کا پہلا دورہ پاکستان تھا۔

اس کے بعد برف پگھلنے لگی۔ پاکستان پر بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھلنے لگے اور اب سری لنکا ہی کی ٹیم کے لاہور ہی میں کامیاب اور پرامن دورے سے امید کی جارہی ہے کہ پاکستان کے میدان پوری طرح آباد ہو جائیں گے اور اس کی کی ہوم سیریز دبئی نہیں بلکہ پاکستان میں ہی کھیلی جائے گی۔

اس ہوم سیریز کے فورا بعد پی سی بی کو بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے وفد کا انتظار ہے جو آٗندہ ہفتے متوقع ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا وفد پاکستان کے سیکیورٹی حالات کا جائزہ لے کر پاکستان یا دبئی میں کھیلنے کا فیصلہ کرے گا جبکہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کے وفود لاہور میں موجود ہیں اور سیکیورٹی سے مطمئین ہیں۔ٹام ہیریسن نے پی سی بی عہدیداروں سے گفتگو میں کہا کہ خوشی ہے کہ پاکستان میں کرکٹ لوٹ رہی ہے ، اسی طرح دنیا کا اعتماد بڑھتا رہا تو مکمل کرکٹ پاکستان میں ہو گی ۔

دوسری جانب سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین دنشکا نے اکستان کو محفوظ ملک بھی قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھا کہ پاکستان نے زبردست مہمان نوازی کی اور یہاں سیکورٹی کے انتظامات بھی بہترین تھے۔

اسی طرح سری لنکا کے ایک اور کھلاڑی سیہان جے سوریا نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کرکٹ کیلئے محفوظ ملک ہے جبکہ انہوں نے پاکستان میں ملنے والی سیکیورٹی اور محبت کو شاندار قرار دیا۔

علاوہ ازیں سری لنکن کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات کی تعریف کی ہے۔

آج اپنے وطن بحفاظت روانہ ہونے والی سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پاکستان میں ون ڈے (کراچی) اور ٹی ٹوئنٹی (لاہور) کی سیریز کھیلنے آئی تھی جس میں ون ڈے سیریز میں پاکستان نے میدان مارا جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز سری لنکا کے نام رہی تاہم مبصرین کا کہنا ہے کہ سری لنکا ٹیم کے کامیاب  دورہ پاکستان سے کرکٹ جیت گئی، امن جیت گیا۔

تحریر: سید عدنان قمر جعفری

(ادارے کا مصنف کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے)

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری