عمران خان کا کراچی کے مسائل سے وزیراعلی سندھ کے تعاون کے بنا ہی نمٹنے کا ارادہ


عمران خان کا کراچی کے مسائل سے وزیراعلی سندھ کے تعاون کے بنا ہی نمٹنے کا ارادہ

وزیراعظم عمران خان آج مسائل میں گھرے ہوئے کراچی کا دورہ کریں گے البتہ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات ان کے شیڈول میں نہیں ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق وزیراعظم عمران خان عجیب و غریب مسائل میں گھرے کراچی کا دورہ کریں گے جہاں اغوا برائے تاوان، بھتہ، ڈاکے اور اسٹریٹ کرائم جیسی روایتی مشکلات ہی نہیں بلکہ کہیں بھونکتے کاٹتے آوارہ کتے ہیں، کہیں بھنبھناتی ہوئی مکھیاں  ہیں تو کہیں موت کی صورت گلیوں میں بچھی بجلی کی برہنہ تاریں، تاہم اپنے اس دورے میں ان کی ملاقات وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ سے شیڈول نہیں ہے۔ گویا وزیراعظم ان تمام مسائل سے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کے تعاون کے بنا ہی نمٹنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

وزیراعظم اپنے دورے میں گورنر ہاؤس میں پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے اجلاس کی صدارت کریں گے جبکہ پی ٹی آئی کے تمام اراکین اسمبلی، ایم کیو ایم اور جی ڈی اے ارکان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

ذرائع کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے جی ڈی اے کے حمایت یافتہ نو منتخب رکن سندھ اسمبلی معظم علی عباسی کو فون کر کے نہ صرف انتخاب میں کامبیابی پر مبارکباد پیش کی بلکہ وزیراعظم سے ملاقات کے لیے گورنر ہاؤس میں بھی مدعو کیا ہے۔

وزیراعظم کی زیرصدارت گورنر ہاؤس میں اجلاس کے دوران وفاق کے زیر انتظام کراچی میں جاری منصوبوں پر پیشرفت رپورٹ پیش کی جائے گی اور وزیراعظم کو کراچی پیکج کے تحت تجویز کردہ سکیموں کے بارے میں بھی آگاہ کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان بلوچستان کے شہرحب بھی جائیں گے جہاں وہ گڈانی میں چین کے تعاون سے بنایا گیا 1320میگاواٹ پاور پلانٹ کا افتتاح کریں گے۔

یاد رہے کہ اپنے اس  مختصر دورے میں وزیراعظم عمران خان جی ڈی اے کے نو منتخب رکن سندھ اسمبلی معظم علی عباسی کو تو شرف ملاقات بخشیں گے تاہم وہ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سے مل کر کراچی کے مسائل کے حل کے بارے میں بات چیت کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری