آئی جی پنجاب کا چہلم حضرت امام حسین (ع) کے سیکیورٹی انتظامات پر پنجاب پولیس کو خراج تحسین


آئی جی پنجاب کا چہلم حضرت امام حسین (ع) کے سیکیورٹی انتظامات پر پنجاب پولیس کو خراج تحسین

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے چہلم حضرت امام حسین (ع) کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں بہترین سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے پر پنجاب پولیس کے افسروں اور جوانوں کو شاباش دی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کے افسروں اور جوانوں نے حضرت امام حسین (ع) کے چہلم کے موقع پر جس جذبے اور لگن سے سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دئیے ہیں وہ بجا طور پر تعریف کے مستحق ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سی سی پی او، تمام آرپی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز سمیت پوری فورس کے نام اپنے وائرلیس پیغام کے ذریعے کیپٹن (ر) عارف نواز نے مزید کہا کہ بہترین کارکردگی اور جانفشانی سے فرائض سر انجام دینے پر تمام پولیس فورس بشمول ضلعی پولیس، ایلیٹ، پنجاب ہائی وے پٹرول، پی سی، ڈولفن، پیرو، وائرلیس سٹاف، ٹریفک سٹاف، کنٹرول روم سٹاف اور منسٹریل سٹاف کو مبارک باد دیتا ہوں۔

آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ ان کی فرض شناسی اور بھرپور محنت کی وجہ سے صوبہ بھر میں امن و امان کی فضا برقرار رہی۔ انہوں نے افسران اور اہلکاروں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ قانون کی حکمرانی کو برقراررکھنے اورعوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے افسران و اہلکار مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ کام جاری رکھیں اور پبلک سروس ڈلیوری کی بہترین فراہمی کے ذریعے پولیس اور عوام کے درمیان روابط کو بہتر سے بہتر بنائیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز بمطابق 20 صفر پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں امام حسین (ع) اور دیگر شہیدان کربلا علیہم السلام کا چہلم نہایت ادب و احترام سے منایا گیا۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری