ایمبولینس خوفناک حادثے کا شکار / ڈرائیور، مریضہ، لواحقین، سب جل کر خاکستر


ایمبولینس خوفناک حادثے کا شکار / ڈرائیور، مریضہ، لواحقین، سب جل کر خاکستر

ملتان روڈ پر ایمبولینس اور ٹرک میں ہونے والے تصادم سے آتشزدگی کے سبب ڈرائیور سمیت ایک ہی خاندان کے 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق بھکر کے دو شہری محمد ندیم اور محمد نوید اپنے خاندان کے ہمراہ اپنی علیل والدہ تاج بی بی کا علاج کروانے انہیں اسلام آباد لے جا رہے تھے کہ بد قسمت ایمبولینس ملتان روڈ پر ٹرک سے ٹکرا گئی۔

تصادم کے سبب ایمبولینس میں گیس سلنڈر پھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ایمبولینس میں سوار تمام افراد جاں بحق ہوگئے جن میں 3 مرد، 4 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں۔

جاں بحق ہونے والوں میں ڈرائیور غلام حسین جبکہ محمد ندیم، محمد نوید، ان کی معمر والدہ تاج بی بی، تاج بی بی کی بیٹی مریداں بی بی اور نواسیاں صبا بی بی اور جویریا بی بی اور صبا بی بی کے دو کمسن بچے انشال اور ایان شامل ہیں۔

یاد رہے کہ انشال اور ایان کی عمریں بالترتیب 3 اور 1 سال تھیں۔

ایمبولینس کے ٹرک کے نیچے دبے ہونے کی وجہ سے ریسکیو ٹیموں کو لاشیں نکالنے میں مشکلات کا سامنا رہا تاہم امدادی ٹیموں نے حادثے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا اور لاشوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال میانوالی منتقل کر دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے المناک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری