جہاں شیعہ، اہل سنت کے جلوس کا استقبال کرتے ہیں + تصاویر


جہاں شیعہ، اہل سنت کے جلوس کا استقبال کرتے ہیں + تصاویر

جس معاشرے میں فرقہ بندی کا زہر پھیلا کر مسلمانوں کو مسلمانوں سے لڑانے کی سازش جاری ہے وہیں جنوبی پنجاب کے ایک چھوٹے سے شہر جہانیہ میں مقامی شیعہ اہل سنت کے عید میلادالبنی کے جلوس کا پرتپاک استقبال کر کے اتحاد بین المسلمین کی شاندار مثال قائم کرتے ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق آیت پاک قرآنی، "مومن آپس میں بھائی بھائی ہیں" کا عملی نمونہ جنوبی پنجاب کے ایک چھوٹے سے شہر جہانیہ میں دیکھنے کو ملتا ہے جہاں علاقے کے مقامی شیعہ اپنے اہل سنت بھائیوں کے عید میلادالبنی کے جلوس کا اپنے امام بارگاہ کے سامنے پھولوں کی پتیوں، مسکراہٹوں اور محبت سے استقبال کرتے ہیں۔ ان کو گلے سے لگاتے ہیں، ان پر گل پاشی کرتے ہیں اور 12 ربیع الاول کی تہہ دل سے مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

دوسری جانب اہل سنت حضرات اپنی پذیرائی پر بےپناہ خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے شیعہ بھائیوں کے ہاتھوں سے مٹھائی کھا کر عید میلاد النبی کی خوشی دوبالا کرتے ہیں اور محبتوں کا یہ سلسلہ کئی برسوں سے جاری ہے۔

گذشتہ روز بھی جب سجاد سعید کاظمی کے صاحبزادے اور حامد سعید کاظمی کے بھتیجے، جاوید سعید کاظمی کی سربراہی میں عید میلادالبنی کا جلوس مرکزی امام بارگاہ حسینہ کے قریب پہنچا تو حسب سابق ان کے شیعہ بھائی مٹھائی لئے کھلی باںہوں سے ان کے منتظر تھے۔ درود پاک کی معطر فضا میں جلوس پر گل پاشی کی گئی اور عید میلادالبنی کی مبارکباد دی گئی۔

 اس موقع پر سب نے مل کر مسلمانوں کے اتحاد اور پاکستان کے استحکام کے لئے خصوصی دعائیں کیں اور کچھ دیر بعد عید میلاد النبی کا جلوس لبیک یارسول اللہ (ص) کے نعرے بلند کرتا ہوا اپنی منزل مقصود کی جانب روانہ ہو گیا۔ 

علاوہ ازیں علاقے کے اہل تشیع حضرات کی جانب سے اپنے اہل سنت بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے 12 ربیع الاول کی شب کو شہزادہ علی اصغر (ع) کے نام کی دودھ کی سبیل کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔

دنیا بھر میں جہاں بھی مسلمان مسلمان کے خون سے اپنے ہاتھ رنگ رہا ہے، اس پر ظلم ڈھا رہا ہے، اسے چاہئیے کہ جہانیہ میں بسنے والے مسلمانوں سے سبق حاصل کریں۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری