سری لنکا بازی مار گیا / سپورٹس کرپشن سے متعلق بل منظور


سری لنکا بازی مار گیا / سپورٹس کرپشن سے متعلق بل منظور

سری لنکا جنوبی ایشیا میں سپورٹس کرپشن کو قابل سزا جرم قرار دینے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق سری لنکا کی پارلیمنٹ نے اسپاٹ فکسنگ اور کھیلوں سے متعلق دیگر جرائم پر سخت سزاوں کی تجاویز منظورکرتے ہوئے بل کو باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ بل کی منظوری کے بعد سری لنکا  نے خطے میں ایک مثال قائم کردی ہے۔

سری لنکا جنوبی ایشیا میں سپورٹس کرپشن کو قابل سزا جرم قراردینے والا پہلا ملک بن گیاہے۔

ذرائع کے مطابق اسپاٹ فکسنگ یا سپورٹس سے متعلق کرپشن کے دیگر جرائم پر دس سال قید اور متعدد جرمانے کئے جاسکتے ہیں۔

چند روز قبل سری لنکن حکومت نے کرکٹ کو بدعنوانی سے پاک کرنے کیلئے اہم اقدامات اٹھانے کااعلان کیاتھا۔ بڑھتی ہوئی اسپورٹس کرپشن پر پارلیمنٹ میں خصوصی بحث ہوئی تھی جس میں کھلاڑیوں کو کرپشن کرنے پر سخت سزاؤں کی تجاویز دینے کا فیصلہ کیاگیا۔

اس حوالے سے پارلیمنٹ میں اسپورٹس کرپشن پر دس سال قید جبکہ پانچ لاکھ جرمانے کی تجویز دی گئی تھی جبکہ سری لنکن حکام نے میچ کا نتیجہ بدلنے یا اس پر اثرانداز ہونے پربھی سزا کی تجویز دی تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس سری لنکا کے فاسٹ باولر دلہارا لوکھوٹیگ کو 2017 میں ایک محدود اوورز کی سیریز میں کرپشن پر معطل کردیا گیا تھا۔وہ آئی سی سی کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے تیسرے سری لنکن کھلاڑی ہیں۔

ان سے پہلےسابق سری لنکن کپتان سینتھ جے سوریا اور نووان زوئیسا پر بھی کرپشن کے حوالے سے الزامات ثابت ہوچکے ہیں جن کی وجہ سے جے سوریاکو کرپشن کے خلاف تحقیقات میں تعاون نہ کرنے پر دوسال کی جبکہ زوئیسا کو میچ فکسنگ کی وجہ سے پابندی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

سری لنکن وزیر کھیل کہتے ہیں کہ کھیلوں میں نچلی سطح سے اوپر تک ہر قسم کی کرپشن کا قلع قمع کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ کرکٹ دنیا میں فٹبال کے بعد سب سے معروف کھیل ہے اور اس میں کرپشن آنے سے اس کے لاکھوں کروڑوں شائقین مایوسی کا شکار ہیں تاہم سری لنکا کے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے شائقین کرکٹ جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک سے بھی امید رکھ رہے ہیں کہ وہ بھی سپورٹس کرپشن کے حوالے سے سخت قوانین متعارف کروا کر اس ہیجان انگیز کھیل کا حسن قائم رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری