پاکستانی ایک ماہ تک ایرانی ٹماٹر کھائیں گے


پاکستانی ایک ماہ تک ایرانی ٹماٹر کھائیں گے

وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی (ایم این ایف ایس)، درآمد کنندگان ، وزارت تجارت اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے اعلی عہدیداروں نے ایک اجلاس فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان ایک ماہ تک ایران سے ٹماٹر درآمد کرے گا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ٹماٹر کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد مختلف مارکیٹوں میں عام طور پر معمولی سمجھے جانے والا یہ پھل 300 روپے فی کلوگرام تک فروخت ہو رہا ہے۔

حکومت اور انتظامیہ ٹماٹر کی قیمت میں اس ہوشربا اضافے کی وجہ اس کی فصلیں خراب ہونے اور اگلی فصل کی تیاری میں چند ہفتے باقی ہونے کے باعث مارکیٹ میں اس کی کم دستیابی کو قرار دے رہی ہے۔

بہرحال اس صورتحال پر قابو پانے کے لئے پاکستان نے ایک ماہ کے لئے ایران سے ٹماٹر درآمد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

مذکورہ فیصلہ وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی (ایم این ایف ایس)، درآمد کنندگان ، وزارت تجارت اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے اعلی عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں کیا گیا۔ ایم این ایف ایس کے وفاقی سکریٹری محمد ہاشم پوپلزئی نے ملاقات کے بعد میڈیا کو بتایا ہم نے ایران سے ٹماٹر کی درآمد کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

فیصلے کے مطابق درآمد کنندگان کو گھریلو مارکیٹ میں فروخت کے لیے تین سے چار ہفتوں تک ایران سے ٹماٹر خریدنے کی اجازت ہوگی۔

اگرچہ حکومت نے خریداری کے لیے کوٹے کی وضاحت نہیں کی تاہم ٹماٹر درآمدات کے لیے 13 دسمبر کی ڈیڈ لائن طے کی ہے۔

دوسری جانب حکومت کو یقین ہے کہ سندھ سے اگلے دو سے تین ہفتوں میں ٹماٹر کی نئی فصل مارکیٹ میں آجائے گی۔ اس دوران ایران سے درآمدات کسی حد تک اس خلا کو پُر کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔

توقع ہے کہ اگلے چار دن میں ٹماٹر پاکستان پہنچ جائیں گے۔

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری