پاکستان سے کینو کی برآمدات کا آغاز


پاکستان سے کینو کی برآمدات کا آغاز

پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سرپرست وحید احمد کا کہنا ہے کہ رواں سیزن کینو کی پیداوار22لاکھ ٹن رہنے کا اندازہ لگایا گیا ہے جس میں سے 15سے 20فیصد ایکسپورٹ کیا جائے گا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان سے کینو کی برآمدات کا آغاز ہوگیا ہے، رواں سیزن ایکسپورٹ کا ہدف تین لاکھ ٹن مقرر کیا گیا ہے جس سے 19کروڑ50لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوگا۔

وحید احمد کے مطابق گزشتہ سیزن روس کی مارکیٹ میں ایکسپورٹرز کو نقصان کی وجہ سے رواں سیزن ایکسپورٹ کا ہدف گزشتہ سال سے پچاس ہزار ٹن کم رکھا گیا ہے۔ ایکسپورٹرز کو روسی مارکیٹ میں گزشتہ سیزن چھ ملین ڈالر تک نقصان کا سامنا کرنا پڑگیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ترش پھلوں کی نئی ورائٹیز کی کاشت انتہائی ضروری ہے اور موجودہ برآمدات ایک ارب ڈالر تک بڑھائی جاسکتی ہیں۔

وحید احمد نے بتایا کہ معیار کے مسائل کی وجہ سے ایسوسی ایشن نے یورپ کو کینو کی ایکسپورٹ پر 2014سے از خود پابندی عائد کررکھی ہے یورپ پاکستانی کینوکی وسیع مارکیٹ ہے جہاں ایک ہزار کنٹینرز تک کی کھپت تھی تاہم یورپی پابندیوں سے بچنے کے لیے پاکستانی ایکسپورٹرز نے از خود یورپ کو ایکسپورٹ بند کردی اور اگر یہ ایکسپورٹ جاری رہتی تو پانچ سال میں پچاس فیصد تک بڑھ جاتی۔

انہوں نے کہا کہ معیار کی بہتری اور نئی ورائٹیاں تیار کرنے کے لیے یورپ کی منڈی کے ساتھ قرنطینہ معاہدے نہ ہونے کی وجہ سے بند پڑی منڈیاں کھلوانے پر بھی توجہ دینا ہوگی بصورت دیگر 30لاکھ افراد کو روزگار فراہم کرنے والی ترش پھلوں کی انڈسٹری کا مستقبل خطرات سے دوچار ہوجائے گا۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری