لاہور؛ اورنج لائن ٹرین منصوبے کی آزمائشی سروس کا افتتاح آج ہوگا


لاہور؛ اورنج لائن ٹرین منصوبے کی آزمائشی سروس کا افتتاح آج ہوگا

اورنج لائن ٹرین منصوبے کی آزمائشی سروس کا افتتاح وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے بجائے وزیرٹرانسپورٹ جہانزیب کھچی افتتاح کریں گے، ٹرائل رن کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اورنج لائن ٹرین کو آزمائشی طور پر ڈیرہ گجراں سے چلایا جائے گا اور یہ اپنا مکمل روٹ علی ٹاؤن تک مکمل کرے گی، صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ محمد جہانزیب خان کھچی تقریب کے مہمانِ خصوصی ہوں گے، ٹرائل رن کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی سٹیشن نمبر1، جی ٹی روڈ، لاہور سے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے فیزیکل انفراسٹرکچر کی تکمیل کے موقع پر آزمائشی سفر کا آغاز کریں گے۔

روٹ مکمل ہونے کے بعد علی ٹاؤن سٹیبلینگ یارڈ پر افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کی جائے گی۔

پنجاب حکومت کے اعلامیے میں کہا گیا ہے، اورنج لائن ٹرین منصوبے کی آزمائشی سروس کا افتتاح آج دوپہر ڈیرہ گجراں پر کیا جائے گا، پولیس نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے اپنی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز ن لیگ کی مقامی قیادت نے جی پی او چوک پر اورنج لائن ٹرین کا خودساختہ افتتاح کیا تھا اور اپنی قیادت سے اظہارتشکر کے لیے جی پی او چوک پر جشن مناتے ہوئے اس پراجیکٹ کا تمام تر کریڈٹ شہباز شریف کو دیا تھا۔

خیال رہے اس منصوبے کا آغاز شہباز شریف دور میں کیا گیا تھا، پی ٹی آئی حکومت نے اورنج ٹرین میٹرو منصوبے کو جاری رکھا اور مکمل کیا۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کی تکمیل میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے منصوبے کی تکمیل کیلئے اگلے سال جنوری تک کی مہلت دی تھی۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری