پاکستان؛ ایران امریکا کشیدگی پرغورکرنے کے لئے کابینہ کا اجلاس طلب


پاکستان؛ ایران امریکا کشیدگی پرغورکرنے کے لئے کابینہ کا اجلاس طلب

وزیراعظم عمران خان نے اسلامی جمہوریہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی پرغور کرنے کے لئے کابینہ کا اجلاس طلب کیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ساڑھے 11بجے صبح وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا، اجلاس میں مشرق وسطیٰ کی حالیہ کشیدگی پرغور ہوگا جبکہ علاقائی اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

گذشتہ روز وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مختلف مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فون پر بات چیت میں اپنے ہم منصبوں سے خطے میں پروان چڑھنے والی صورتحال پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ موجودہ تازہ ترین صورتحال پرپاکستان کوتشویش ہے، کشیدگی میں کمی کی جائے اورپابندی کولازم اول رکھاجائے۔

شاہ محمودقریشی نے واضح کیاتھا کہ پاکستان کسی بھی ملک کے خلاف اپنی زمین استعمال نہیں ہونے دے گا اورنہ ہی وہ خطے میں کسی جنگ کاحصہ بنے گا، پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے اپنا کرداراداکرتارہے گا۔

وزیرخارجہ نے امید ظاہر کی تھی کہ موجودہ صورتحال کے باوجود افغانستان میں امن عمل کوکوئی نقصان نہیں ہونا چاہیئے۔

وفاقی کابینہ داخلی، خارجہ و سلامتی کی صورتحال کا بھی جائزہ لے گی اور سروسز ایکٹس میں پیش رفت پربات ہوگی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کا 10 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے، کابینہ اقتصاری رابطہ کمیٹی کے گزشتہ ماہ کے فیصلوں کی توثیق کرے گی، جبکہ وفاقی کابینہ کو فیصلوں پر عملدرآمد کی رپورٹ بھی پیش کی جائے گی

اجلاس میں کابینہ وزارتوں،  ڈویژنز اور منسلک اداروں کی رپورٹس کا جائزہ لے گی اور کمیٹی برائے ڈسپوزل آف لیجسلیٹو کیسز کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔

میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے فلیگ آفیسر کی ڈیپوٹیشن پرڈی جی تعیناتی ، پاکستان اور سعودی عرب میں ایئر سروس معاہدے کی اجازت ایجنڈے میں شامل ہیں۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا بورڈ میں ممبر پروڈکشن کنٹرول کی تقرری ، محتسب کراچی کے ممبر انچارج کی تقرری اور پی ایس او کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تقرری کی منظوری دی جائے گی جبکہ فاٹا، بلوچستان، گلگت بلتستان کے 4 فیصد منقسم کوٹے کی رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری